تلنگانہ کی توسیع شدہ کابینہ کا آج پہلا اجلاس

حیدرآباد۔/20فروری،( پی ٹی آئی) تلنگانہ کی نو توسیع شدہ کابینہ کا پہلا اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوگا۔ اسمبلی کے 22فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس سے قبل طلب کردہ اس اجلاس میں اہم اُمور پر غور و خوض کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی دوسری میعاد کیلئے اقتدار سنبھالنے کے دو ماہ بعد منگل کو اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 10 وزراء کو شامل کیا تھا جس کے ساتھ ہی کابینہ کی مجموعی تعداد اب 12 تک پہنچ گئی ہے۔ کے سی آر نے فینانس ، ریونیو، انفارمیشن ٹکنالوجی، صنعت جیسے اہم قلمدان اپنے پاس رکھتے ہوئے دیگر قلمدان اپنے نو مقررہ وزراء کے سپرد کئے ہیں۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس جمعرات کو 4:30 بجے شام پرگتی بھون میں منعقدہوگا، جس میں بجٹ کو منظوری دی جائے گی اور دیگر مسائل پر غور کیا جائے گا۔ قبل ازیں ایک اور سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ ریاستی حکومت 22 فروری کو علی الحساب موازنہ کی پیشکشی کیلئے تیار ہوچکی ہے۔بجٹ کو مقننہ میں پیش کرنے سے قبل کابینہ میں منظور کیا جاتا ہے۔