تلنگانہ کی تعمیر نو میں مسلمانوں کا اہم رول

جناب محمود علی کا ایقان ، بیچلرس بلڈنگ ویلفیر اسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ کی تعمیر نو کے لیے ٹی آر ایس کے عزائم بلند ہیں اور مسلمان بھی اس تعمیر نو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔ ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی میں بھی مسلمانوں نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ جناب محمد محمود علی ایم ایل سی ٹی آر ایس پارٹی و متوقع ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وہ کل شام اپنی قیام گاہ پر بیچلرس بلڈنگ ویلفیر اسوسی ایشن کے ایک وفد سے مخاطب تھے ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ انتخابات سے قبل ٹی آر ایس نے جو وعدے مسلمانوں سے کئے ہیں وہ پورے کئے جائیں گے ۔ جن میں تعلیم اور روزگار میں 12 فیصد تحفظات قابل ذکر ہیں ۔ قبل ازیں بیچلرس بلڈنگ ویلفیر اسوسی ایشن معظم جاہی مارکٹ کے ایک وفد نے جو مسرس امتیاز صدیقی ، محمد احمد پاشاہ ، سید فاضل حسین پرویز ، محمد امان اللہ خاں ، محمد جمال ، سید خالد شہباز ، محمد شبیر پر مشتمل تھا ۔ جناب محمود علی کی گلپوشی کی اور ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کے لیے مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا کہ وہ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ پر فائز ہوں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جناب محمد محمود علی بیچلرس بلڈنگ کو اوقافی جائیداد ثابت کرنے کے لیے مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔۔