تلنگانہ کی تشکیل کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ

حیدرآباد۔/7جنوری، ( سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کے سلسلہ میں مسودہ بل کی منظوری اور سیما آندھرا قائدین کی جانب سے قانونی راستہ اختیار کرنے کی کوششوں کا جائزہ لینے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے آج سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس بی سدرشن ریڈی سے ملاقات کی۔ جسٹس سدرشن ریڈی کا شمار تلنگانہ کے حامیوں میں ہوتا ہے اور انہوں نے ریاست کی تشکیل کے سلسلہ میں قانونی نکات کا گہرائی سے جائزہ لیا۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی ہریش راؤ، ای راجندر اور تارک راما راؤ نے ریاستی وزیر کے جانا ریڈی کے ہمراہ جسٹس سدرشن ریڈی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تشکیل تلنگانہ کے حق میں موجود قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ سیما آندھرا قائدین کی جانب سے عدالت سے رجوع ہونے کی صورت میں قانونی جدوجہد پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا جاتاہے کہ تلنگانہ مسودہ بل اور ریاستوں کی تقسیم سے متعلق مرکز کو دستور میں دیئے گئے اختیارات کا مسئلہ بھی زیر بحث رہا۔ جسٹس سدرشن ریڈی نے تلنگانہ قائدین کو یقین دلایا کہ وہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے سلسلہ میں ہر قسم کی قانونی رہنمائی کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اس رائے کا اظہار کیا کہ تشکیل تلنگانہ کا مطالبہ انتہائی مضبوط ہے اور موجودہ صورتحال میں کوئی بھی طاقت ریاست کی تشکیل کے عمل کو روک نہیں پائے گی۔

قبل ازیں تلنگانہ قائدین نے جانا ریڈی کے چیمبر میں علحدہ اجلاس کرتے ہوئے اسمبلی میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ ارکان اسمبلی نے اسمبلی میں مباحث میں مسلسل رکاوٹ کو دیکھتے ہوئے تحریری طور پر اپنے موقف سے اسپیکر کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ ارکان نے تجویز پیش کی کہ اگر سیما آندھرا ارکان مسودہ بل پر مباحث کیلئے تیار ہوجائیں تو وہ بل میں شامل نکات پر ووٹنگ پر اعتراض نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس، ٹی آر ایس اور تلگودیشم ارکان نے اسمبلی میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔