تلنگانہ کی ترقی کیلئے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری ضروری

چیف منسٹر، پولیس امیج کو بہتر بنانے کوشاں۔ وزیر داخلہ کی تقریر
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری ضروری ہے۔ سنٹرل زون پولیس کی جانب سے این ٹی آر اسٹیڈیم میں نوجوانوں کیلئے منعقدہ کرکٹ ٹورنمنٹ کے آغاز کے موقع پر مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد پولیس کی امیج کو بہتر بنانے کیلئے اپنی توجہ مرکوز کئے ہیں جس کے تحت ریاست کے پہلے بجٹ میں 340کروڑ روپئے حیدرآباد سٹی پولیس کو منظور کئے گئے تھے جس کے تحت 1600 نئی پولیس گاڑیاں اور موٹر سیکلیں فراہم کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت روڈی عناصر کو آہنی پنجہ سے کچل دے گی اور خواتین کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد سٹی کو اسمارٹ اور سیف سٹی بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون بے حد ضروری ہے اور پولیس کو بھی یہ چاہیئے کہ وہ عوام کے تعاون سے کام کرے۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے پولیس عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ پولیس اسٹیشن کو آنے والے درخواست گذاروں سے نرمی سے پیش آئیں اور ان کی درخواست قبول کرکے انہیں انصاف دلانے کی ہرممکن کوشش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پولیس کا رویہ تبدیل ہونا چاہیئے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے نوجوانوں کیلئے کرکٹ ٹورنمنٹ کے انعقاد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی ہمت افزائی کیلئے اس قسم کے اقدامات ریاست بھر میں ہونے چاہیئے۔ این ٹی آر اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے چکڑ پلی کرکٹ ٹورنمنٹ جس میں نوجوانوں کی 126 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیر کمرشیل ٹیکس مسٹر تلسانی سرینواس یادو، کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی، ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی اور دیگر پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔