تلنگانہ کی ترقی کیلئے آر بی آئی کی ممکنہ مدد کا تیقن

حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( این ایس ایس) ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) کے گورنر رگھو رام راجن نے آج تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔آر بی آئی کے گورنر یہاں چیف منسٹر سے بات چیت کررہے تھے ۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی جدید ترین ریاست ہے اور اس کی ترقی کیلئے آر بی آئی کی مدد کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے شکایت کی کہ مختلف بینکس کسانوں کو تازہ زرعی قرض دینے سے پس و پیش کررہے ہیں جس پر مسٹر رگھو رام راجن نے وعدہ کیا کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لیں گے اور بعجلت ممکنہ مسائل حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے تالابوں کی بحالی کیلئے سنٹرل بینک کی جانب سے ایک خصوصی شعبہ قائم کیا جائے گا جس کے ذریعہ دیہی انفراسٹرکچر کو مستحکم بنایا جائے گا۔ اجلاس میں موجود چیف سکریٹری راجیو شرما نے یہ بات گورنر آر بی آئی کے علم میں لائی کہ تالابوں کی بحالی کیلئے 25,000 کروڑ روپئے کے مصارف کا تخمینہ ہے اور انہوں نے درخواست کی کہ نبارڈ کے ذریعہ مالیہ کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ جس پر مسٹر رگھو رام راجن نے کہاکہ ملک کی اساسی بینک ( آر بی آئی) بہت جلد دیہی انفراسٹرکچر کیلئے ایک خصوصی شعبہ قائم کرے گی

جس کے تحت تالابوں اور آبپاشی کے دیگر ذرائع کی بحالی کے مقصد سے فنڈز کی فراہمی پر غور کیاجائے گا۔ آر بی آئی کے گورنر سے درخواست کی گئی کہ گھریلو اور چھوٹے صنعت کاروں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مسٹر راجن نے کہا کہ اس مقصد کیلئے آر بی آئی کے اقدامات کو وسعت دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے قابل وصولی و مالیاتی نظام مروج کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس کے ذریعہ چھوٹے اور گھریلو صنعت کاروں کی مدد کی جاسکے۔انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ نئے چھوٹے اورگھریلو صنعت کار خصوصی توجہ کے ضرورت مند ہیں جس کے پیش نظر چھوٹی بینکوں کو لائسنس دیئے جارہے ہیں جن سے چھوٹے اورگھریلو صنعت کاروں کو مدد پہنچانے کی خواہش کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر آر بی آئی کو مطلع کیا کہ تلنگانہ ایک نئی ریاست ہے اور اپنی صنعت کاری پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اس ضمن میں بہت جلد ایک بہترین صنعتی پالیسی متعارف کی جائے گی جس پر عمل آوری کی نگرانی چیف منسٹر کے دفتر سے کی جائے گی۔ صنعت کاری کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے 2تا3لاکھ ایکر اراضی مختص کی گئی ہے جہاں انفراسٹرکچر کو فروغ جارہا ہے۔آر بی آئی گورنر رگھو رام راجن نے آج صبح اپنی ٹیم کے ساتھ سکریٹریٹ میں چیف منسٹر تلنگانہ سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر ریاستی چیف سکریٹری راجیو شرما ، پرنسپال سکریٹری ایس نرسنگ راؤ، پرنسپال سکریٹری ( فینانس ) ناگی ریڈی اور اسپیشل چیف سکریٹری (مصنوعات ) پردیپ چندرا بھی موجود تھے۔