تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ کے لیے بی جے پی امیدوار جگاریڈی کی سازش

عام انتخابات میں بدترین شکست کے باوجود انتخابی مقابلہ ، کے ٹی راما راؤ کا انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) بی جے پی یعنی بابو جگاریڈی پارٹی ہے جس کا واحد مقصد تلنگانہ میں فرقہ وارانہ منافرت کے ذریعہ تلنگانہ کی عوام کو گمراہ کرنا اور تلنگانہ کی بے مثال ترقی میںرخنہ پیدا کرنا ہے۔ آج یہاں گجویل چوراہے پر انتخابی مہم کی آخری ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما رائو نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ نرسا پور اور سنگاریڈی کی عوام نے جن دو امیدوار وں کو مسترد کردیا ہے وہ پھر دوبارہ میدک کے ضمنی انتخابات کا حصہ بن کر میدک کی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار جگار یڈی کی امیدواری پر سوالیہ نشا ن کھڑا کرتے ہوئے کہاکہ ایک لاکھ سے کم اکثریت سے کامیاب نہ ہونے پر سیاسی سنیاس لینے کا اعلان کرنے والے بی جے پی امیدوارجگاریڈی بدترین شکست کے باوجود دوبارہ انتخابات میں حصہ لیکرنہ صر ف پارلیمانی حلقہ میدک کی عوام کو گمراہ کررہے ہیںبلکہ بی جے پی تلگودیشم اتحاد کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی سازش تیار کررہے ہیں جس کو میدک کی عوام ناکام بنادے گی۔مسٹر کے ٹی راما رائو نے کہاکہ سنیتا لکشما ریڈی کا کرن کمارریڈی کے بہترین رفقاء میںشمار ہے جو کرن کمار ریڈی کی جانب سے تلنگانہ کو ایک روپئے بھی نہ دینے کے اعلان کے باوجود خاموش تماشائی بنی رہی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے امیدواروں کو میدک کی عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیںجنھوں نے اپنی تمام تر زندگی تلنگانہ کی مخالفت میںگذاردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میدک پارلیمانی حلقہ پر صرف ٹی آر ایس کا حق اور یہاں کی عوام خود اپنے ووٹ کے ذریعہ اس بات کا ثبوت پیش کریں گے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پدما رائو گوڑ ‘ٹی آر ایس کے ریاستی اور علاقائی قائدین کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔