ملک کی تمام ریاستوں میں تلنگانہ مثالی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد۔/30مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کی ترقی کو برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں تلنگانہ نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی اور ملک کی تمام ریاستوں میں سرفہرست بن چکی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں آندھرائی حکمرانوں نے تلنگانہ کے وسائل کو آندھرا منتقل کیا اور تلنگانہ کے اضلاع کو خشک سالی کا شکار بنادیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ محبوب نگر ضلع متحدہ آندھرا میں انتہائی پسماندہ رہا اور لاکھوں افراد روزگارکی تلاش میں دیگر ریاستوں کا رُخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے صورتحال کو تبدیل کیا اور دیگر ریاستوں کو جانے والے افراد اب واپس ہورہے ہیں۔ حکومت نے نہ صرف زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کے اقدامات کئے بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ صنعتوں اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ ریاست دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ کئی عالمی اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس قائدین کے پاس حکومت پر تنقید کیلئے کوئی موضوع باقی نہیں رہا لہذا وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سماجی بھلائی کے شعبہ کے علاوہ برقی شعبہ میں حکومت نے انقلابی قدم اٹھائے۔ صرف تین برس کے معمولی عرصہ میں برقی بحران پر قابو پالیا گیا اور کسانوںکو 24 گھنٹے برقی سربراہی کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کی طرح اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ کسانوں کو دو فصلوں کیلئے فی کس 4000 روپئے فی ایکر امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہر کسان کو 8000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا اعلان کیا گیا اور کئی اضلاع میں مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے تحت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور مشن بھگیرتا کے ذریعہ ہر گھر کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کی تجویزہے۔ انہوں نے کہا کہ 60 برسوں تک تلنگانہ کو نظرانداز کرنے والے کانگریس قائدین آج بھی پراجکٹ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے آج ونپرتی ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔