تلنگانہ اکنامک اسوسی ایشن کا افتتاح، وزیرفینانس ایٹالہ راجندر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ترقی و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک کیلئے قابل تقلید بن جائے گا۔ آج نارائن گوڑہ کے آر بی وی آر گرلز کالج میں تلنگانہ اکنامک اسوسی ایشن (ٹی ای اے) کے افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسرچ کے بغیر کوئی بھی ریاست ترقی نہیں کرسکتی۔ اکنامک اسوسی ایشن کے ملک کی تمام ریاستوں میں یونٹس ہیں۔ تلنگانہ میں اسوسی ایشن کے قیام سے معاشی ترقی کے معاملے میں اسوسی ایشن کی جانب سے مشورے و تجاویز وصول ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔ ریاستی وزیرفینانس نے کہا کہ ماں باپ اپنے بچوں کو پڑھا لکھا کر ڈاکٹرس، انجینئرس بنانا چاہتے ہیں مگر کوئی بھی والدین اپنے بچوں کو سیاستداں اور معاشی مشیر بنانا نہیں چاہتے۔ ایٹالہ راجندر نے سوشیل سائنس اور مالیاتی تعلیم سے متعلق کورسس کو اہمیت دینے پر زور دیا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل تلنگانہ کے 10 کے منجملہ 9 اضلاع پسماندگی کا شکار ہونے کی وجہ سے تلنگانہ کی ترقی نہ ہونے کے دعوے کئے گئے تھے۔ تاہم کوئی بھی ریاست ہو اس کی ترقی کیلئے ویژن ہونا چاہئے۔ عزم اور حوصلہ ہونا چاہئے۔ پسماندگی کو ختم کرنے کا ایجنڈہ ہونا چاہئے۔ کے جی تا پی جی تعلیم کیلئے خصوصی منصوبہ نہ ہو تو ترقی کے مثبت نتائج کی امید رکھنا فضول ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے اور ریاست میں ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ عوام کو صحت و تندرست رکھنے کیلئے صاف ستھرا پانی سربراہ کرنے کیلئے مشن بھاگیرتا، دیہی علاقوں کے عوام بالخصوص کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے مشن کاکتیہ اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ گلوبل وارننگ کے پیش نظر ریاست میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر ڈاکٹر وائی وی ریڈی نے کہا کہ چھوٹی ریاستیں ترقی کے معاملے میں معاون و مددگار ہوتے ہیں۔ تیز رفتار ترقی کیلئے تلنگانہ کو کافی مواقع ہیں۔ گجرات، پنجاب اور ہریانہ کو معاشی ترقی کے ماڈل کا اعزازحاصل ہے۔ تلنگانہ کو ان کے ریکارڈس توڑنے کے مواقع دستیاب ہیں۔ ٹاملناڈو اور آندھراپردیش کے مقابلے میں تلنگانہ کی حالت کسی قدر کمزور ہے۔ اگر سائنس و دیگر امور پر توجہ دیا گیا تو اس پر قابو پانا ممکن ہے۔