تلنگانہ کی ایک کروڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے حکومت کی حکمت عملی

آج چیف منسٹر کے سی آر کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن ، وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے کے لیے حکومت نے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ 31 مارچ کو چیف منسٹر کے سی آر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے منصوبے سے ارکان اسمبلی کو واقف کرائیں گے ۔ اسمبلی میں خشک سالی مباحث سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ خشک سالی کا خاتمہ کرنے کے لیے مستقل حکمت عملی تیار کی ہے ۔ ریاست میں 1.57 کروڑ ایکڑ اراضی قابل کاشت ہے ۔ تاہم پانی کی عدم دستیابی سے صرف 57 لاکھ ایکڑ اراضی پر کاشت ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے ایسی آبپاشی پالیسی تیار کی ہے ۔ جس سے ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو قابل کاشت بنانے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوگی ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات ہی اس کا واحد حل ہے ۔ تلنگانہ میں 14 فیصد بارش کم ہوئی ہے ۔ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر ریاست کے 231 منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے ۔ وہ دونوں ڈپٹی چیف منسٹرس کے ساتھ دہلی پہونچ کر خشک سالی پر مرکزی حکومت سے نمائندگی کرچکے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے فوری ٹیم کو روانہ کیا ۔ ٹیم نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں دورہ کرنے کے بعد مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے ۔ مرکز نے تلنگانہ کے لیے 791 کروڑ روپئے منظور کئے جس میں 56 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ ماباقی فنڈز آئندہ ماہ جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے 3000 بورویلز استعمال کئے جارہے ہیں اور 1033 ٹینکرس کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اضلاع میں پانی کی قلت اور خشک سالی سے نمٹنے کے لیے 329 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ضرورت پڑنے پر حکومت مزید فنڈز جاری کرے گی ۔ اس کے علاوہ اضلاع میں بھی عوامی منتخب نمائندوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان سے بھی تجاویز وصول کئے جائیں گے ۔۔

حیدرآباد میں یکم تا 3 اپریل کسان سواراج سمیلن
ماہرین زراعت کے علاوہ مختلف شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کسان سواراج سمیلن یکم تا 3 اپریل کو حیدرآباد میں منعقد ہوگا ۔ جس کا مقصد ہندوستان کے کاشت کاروں کے مسائل پر پالیسی پر غور و خوص کرنا ہے ۔ یہ بات مسز کویتا کروگنٹی نیشنل کنوینر آشا کسان سواراج نیٹ ورک نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسرس کرن ویساریتو سواراج ویدیکا ، روی کنیگنٹی سنٹر فار سٹینل ایگریکلچر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ سمیلن میں ڈاکٹر دیویندر شرما ، پروفیسر یوگیندر یادو ، اجئے ویرجھاکر ، ڈاکٹر کلوڈا لو بارس اور دیگر ماہرین زراعت مخاطب کریں گے ۔ جب کہ سمیلن میں پروفیسر کودنڈا رام چیرمین تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی ، وی روبھیندر شیورا راؤ سابق وزیر ، ای اے ایس شرما سابق مرکزی سکریٹری ، پروفیسر راما ملکوٹے ، پروفیسر کے آر چودھری ، پروفیسر نرسمہا ریڈی آئی سی ایس ایس آر اور دیگر بھی شرکت کریں گے ۔۔