تلنگانہ کی ایک اور یونیورسٹی میں عنقریب وائس چانسلر کی عہدے سے سبکدوشی

ریاست کے تقریباً تمام یونیورسٹیز وائس چانسلرس سے محروم ، انچارج وائس چانسلرس مقرر کئے جانے کا امکان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کی تقریبا تمام یونیوسٹیوں کے وائس چانسلرس کے عہدے مخلوعہ پائے جانے کے دوران ایک اور یونیورسٹی ’ پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی ‘ وائس چانسلر پروفیسر اے شیوا ریڈی کی میعاد بھی 18 اپریل کو ختم ہوجائے گی اور اس طرح تلگو یونیورسٹی وائس چانسلر کا عہدہ بھی مخلوعہ ہوجائے گا ۔ پروفیسر اے شیوا ریڈی 20 اپریل 2012 کو وائس چانسلر پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے عہدے پر فائز ہوئے تھے اور اپنی تین سالہ میعاد کی تکمیل پر سبکدوش ہوجائیں گے ۔ یوں تو 19 اپریل کو ان کی میعاد مکمل ہوگی ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ حکومت تلنگانہ تلگو یونیورسٹی وائس چانسلر کے عہدے پر بھی کسی ایک اعلیٰ عہدیدار کو انچارج وائس چانسلر کی حیثیت سے نامزد کرے گی ۔ جب کہ اب تک بھی بالخصوص عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ یونیورسٹی و دیگر یونیورسٹیوں کے لیے انچارج وائس چانسلروں کی نامزدگی عمل میں آئی ۔ اور اس طرح حکومت انچارج وائس چانسلروں کے ذریعہ ہی وقت گزاری کرنے کے اقدامات کرنے کی شکایات پائی جارہی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تمام حالات کی روشنی میں سمجھا جاتا ہے کہ پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے لیے بھی حکومت کسی ایک آئی اے ایس عہدیدار کو انچارج وائس چانسلر مقرر کرنے یا کسی ممتاز ماہر تعلیم کو انچارج وائس چانسلر مقرر کرنے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مشترکہ قانون ( کامن ایکٹ ) کے مطابق تلگو یونیورسٹی کے لیے بھی حکومت مستقل وائس چانسلر کا ابھی انتخاب یا تقرر نہیں کرے گی کیوں کہ تلگو یونیورسٹی فی الوقت دسویں شیڈول میں پائے جانے کے باعث تقسیم کا عمل نہ ہونے کی وجہ سے عارضی و انچارج وائس چانسلر مقرر کر کے یونیورسٹی نظم و نسق چلانے کے لیے ہی حکومت اقدامات کرے گی ۔۔