نلگنڈہ میں اراضی کی نشاندہی ‘ اندرون ایک ماہ مراحل کی تکمیل :مرکزی وزیر جاوڈیکر کا بیان
حیدرآباد 15 مارچ ( پی ٹی آئی ) وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کا تجویز کردہ 4,000 میگاواٹ کا تھرمل پاور اسٹیشن ضلع نلگنڈہ میں بہت جلد جنگلاتی منظوری حاصل کرلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نئی ریاست میں محکمہ برقی کو استحکام حاصل ہوگا ۔ پرکاش جاوڈیکر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کیئلے برقی بہت اہمیت کی حامل ضرورت ہے ۔ اور علیحدہ ریاست کیلئے احتجاج کے ایام ہی سے ہم علاقہ کیلئے درکار برقی کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ان سے گذشتہ مہینے ملاقات کی تھی اور نلگنڈہ میں دامرچرلہ منڈل میں تلنگانہ جنریشن کارپوریشن کے 4,000 میگاواٹ کے تھرمل پاور اسٹیشن کے قیام کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ اس کیلئے وسیع اراضی کی ضرورت ہے ۔ جاوڈیکر نے کہا کہ یہ اراضی جنگلات کی ہے اور حکومت تلنگانہ نے درکار تیاری کے کام کرلئے ہیں ۔ جنگلات کی اراضی پر جہاں تھرمل پاور اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز ہے اتنی ہی اراضی کسی اور مقام پر ریزرو فاریسٹ کیلئے فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تجویز کردہ اراضی کم اہمیت کی حامل جنگلاتی اراضی ہے جسے اب تھرمل پراجیکٹ کیلئے تیار کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے بھی حکومت تلنگانہ کی تجویز کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا ہے اور اندرون ایک ماہ تمام مراحل کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔ مرکز کی جانب سے کام پورا کرلیا گیا ہے ۔ چینائی سے ایک خصوصی ٹیم کو علاقہ کا معائنہ کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کو روانہ کیا گیا تھا ۔ 17 مارچ کو جنگلات سے متعلق ایک کمیٹی کا اجلاس منعقد ہگا جس میں اس پراجیکٹ کا جائزہ لے کر ماحولیاتی ضروریات کو پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی جنگلات سے متعلق کمیٹی سفارشات پیش کردیگی وہ اپنی جانب سے 4,000 میگاواٹ پاور پراجیکٹ کیلئے اپنی منظوری دیدینگے ۔ یہ تلنگانہ کیلئے ایک اچھی خبر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی حکومت تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ہی ریاستوں کی تیز رفتار ترقی کے عہد کی پابند ہے کیونکہ دونوں ہی خصوصی توجہ کی حامل ریاستیں ہیں۔