این ٹی پی سی چیرمین کی چیف منسٹرسے ملاقات
حیدرآباد۔25 مئی ( این ایس ایس ) نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن ( این ٹی پی سی ) کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر اروپ رائے چودھری نے جنوبی علاقائی ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ( جنوب) آر وینکٹیشورن کے ساتھ آج یہاں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ان کے کیمپ آفس پر ملاقات کی ۔ این ٹی پی سی کے عہدیداروں نے تنظیم جدید قانون کے مطابق 4000 میگاواٹس کے پلانٹ کو راما گنڈم میں اس کی موجودہ اراضی پر تلنگانہ کیلئے مکمل طور پر مختص کرنے سے اتفاق کیا ۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ پانی کی درکار سربراہی یقینی بنائی جائے گی اور کوئلہ کی فراہمی کیلئے وہ شخصی طور پر وزیراعظم سے نمائندگی کریں گے ۔ ان عہدیداروں نے چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ مجوزہ پراجکٹ اندرون چار سال اپنی کارکردگی کا آغاز کرے گا ۔ وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی ‘ تلنگانہ جینکو کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ اور معتمد توانائی اروند کمار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔