تلنگانہ کیلئے 175 عازمین کی اضافہ ویٹنگ لسٹ منظور

رقم جمع کرنے کی 12 مئی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے لئے تلنگانہ کو مزید 175 عازمین کی ویٹنگ لسٹ منظور کی گئی ۔ اس طرح تلنگانہ میں ابھی تک جملہ 524 عازمین حج ویٹنگ لسٹ سے منتخب کرلئے گئے ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے ملک بھر میں ایڈیشنل کوٹہ اور سفر منسوخ کرنے والے عازمین کی جملہ 3693 نشستوں کو مسلم آبادی کے اعتبار سے ریاستوں میں تقسیم کیا ہے۔تلنگانہ کو 175 نشستیں الاٹ کی گئیں جن میں 150 زائد کوٹہ کی نشستیں ہیں جبکہ 25 نشستیں سفر منسوخ کرنے والے عازمین کی ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 349 عازمین کا ایڈیشنل کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا اور آج الاٹ کردہ 175 نشستوں سے یہ تعداد پہنچ کر 524 پہنچ چکی ہے۔ ایسے عازمین جن کے نام ویٹنگ لسٹ 524 کے تحت آچکے ہیں ، وہ سفری خرچ کی مکمل رقم فوری جمع کردیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں عزیزیہ اور گرین زمرہ کے عازمین اپنے اپنے زمرہ کے مطابق مکمل رقم جمع کردیں اور اس کی رسید ، اوریجنل پاسپورٹ اور فٹنس سرٹیفکٹ کے ساتھ 12 مئی تک تلنگانہ حج کمیٹی میں جمع کردیں۔