شمس آباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ضلع رنگاریڈی کی جانب سے سمپورنا تلنگانہ سادھنا پدیاترا پروگرام منعقد کیا گیا جس کا آغاز شمس آباد کے موضع پالماکول سے ہوا۔ سوامی گوڑ ایم ایل سی نے جھنڈی دکھاکر پدیاترا کا آغاز کیا۔ پدیاترا میں شمس آباد منڈل ٹی آر ایس قائدین کی زیادہ تعداد غیر حاضر تھی۔ سوامی گوڑ ایم ایل سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علحدہ تلنگانہ کیلئے 1400 افراد نے جان کی قربانی دی اس کے باوجود حکومت مسئلہ کو ٹال رہی ہے۔ آندھرائی قائدین کی جانب سے مسلسل مخالفت کی جارہی ہے۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی عوام کے جذبات کو دیکھتے ہوئے علحدہ ریاست بنانے کیلئے راضی ہوگئی۔ تلنگانہ بل پیش کیا گیا تو آندھرائی قائدین نے بل کو پھاڑ دیا۔ دوبارہ جب بل پیش کیا گیا تو آندھرا قائدین اسے ٹالنے کی کوشش کررہے ہیں اور پارلیمنٹ میں بھی بل کو پیش کرنے سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے۔ آندھرائی قائدین جتنی بھی کوشش کرلے علحدہ ریاست کو روک نہیں سکتے۔
صدر جمہوریہ ہند نے بھی وقت مقرر کردیا ہے۔ نریندر گوڑ ٹی آر ایس ضلع صدر نے کہا کہ تلنگانہ حاصل ہونے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ تلنگانہ حاصل کرنے کے لئے کئی افراد نے جان کی قربانی دی ہے۔ بھوک ہڑتال، احتجاج وغیرہ کئے گئے جس میں ہر شعبہ کے افراد نے حصہ لیا۔ محمد عبدالمقیت چندا ٹی آر ایس ضلع میناریٹی صدر نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ حاصل کرنا ہمارا حق ہے اور ہم اسے ہر حال میں حاصل کرکے رہیں گے۔ علحدہ تلنگانہ کی جدوجہد میں مسلمانوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس سے تحریک کو مزید مضبوطی ملی۔ علحدہ ریاست بننے کے بعد اقلیتوں کیلئے ترقی کے کئی مواقع فراہم ہوں گے۔ اس موقع پر پرشوتم راؤ راجندر نگر حلقہ اسمبلی انچارج، محمد عبدالمقیت چندا، سید شمشاد قادری، نائب صدر ضلع رنگاریڈی، سرینواس، وینکٹیش، رمیش، نرسمہا، گنیش، اشوک کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ پدیاترا ہائی اسکول سے نکل کر شمس آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔