تلنگانہ کیلئے کانگریس کے اتم کمار ریڈی صدر اور ملو بٹی وکرامارک ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد

جانا ریڈی کو ٹی آر ایس حکومت کے ساتھ نرم رویہ پر انتباہ ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے احکامات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے آج احکامات جاری کرتے ہوئے مسٹر اتم کمار ریڈی کو صدر اور مسٹر ملوبٹی وکرامارک کو ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد کردیا ۔ مسٹر کے جانا ریڈی کو ٹی آر ایس حکومت کے خلاف نرم رویہ اپنانے کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے پارٹی کے استحکام کے لیے کام کرنے کی ہدایت دی ۔ تین دن قبل ہی کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے کیپٹن اتم کمار ریڈی کو صدر کی حیثیت سے نامزد کردیا تھا ۔ مسٹر ملوبٹی وکرامارک کا نام قائد اپوزیشن یا ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے زیر غور تھا ۔ تاہم آج اے آئی سی سی نے تازہ احکامات جاری کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی کو صدر اور ملوبٹی وکرامارک کی ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے توثیق کردی ۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر ، گجرات ، مہاراشٹرا کے لیے بھی نئے صدور پردیش کانگریس کمیٹیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ ملو بٹی وکرامارک کو ورکنگ پریسیڈنٹ بنانے پر مسٹر کے جاناریڈی کو راحت محسوس ہوئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی اسمبلی حلقہ حضور آباد سے چوتھی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں ۔ غیر متنازغہ شخصیت میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔ مسٹر ملوبٹی وکرامارک ضلع کھمم کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ دوسری مرتبہ اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کے فرائض انجام دینے سے قبل ایک مرتبہ کونسل کے لیے منتخب ہوئے تھے ۔ جب کہ اتم کمار ریڈی کرن کمارریڈی کی وزارت میں وزیر ہاوزنگ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ دہلی میں تلنگانہ کا جائزہ لینے کے لیے یو پی اے حکومت کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی اجلاس میں تلنگانہ کے نمائندے کی حیثیت سے شرکت کرچکے تھے ۔ اتم کمار ریڈی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نامزد کرنے پر جانا ریڈی کا قائد اپوزیشن کی حیثیت سے برقرار رہنا مشکل سمجھا جارہا تھا کیوں کہ دونوں کا ایک ہی ضلع اور ایک ہی طبقہ سے تعلق تھا ۔ تاہم پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کے 10 ماہ بعد بھی جاناریڈی کی جانب سے حکومت کے حلاف سرگرم رول ادا کرنے کے بجائے نرم رویہ اپنانے پر سخت اعتراض کیا ۔ حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے اور پارٹی کے تمام قائدین کو ساتھ لے کر چلنے کی ہدایت دی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے پر پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پارٹی کو استحکام دلانے کے لیے تمام قائدین کو ساتھ لے کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔۔