کدری 10 اپریل ( این ایس ایس ) سابق چیف منسٹر و جئے سمیکھیا آندھرا پارٹی کے سربراہ کرن کمار ریڈی نے آج کہا کہ حالانکہ علیحدہ ریاست کی تشکیل عمل میں آنے پر تلنگانہ کے عوام خوشیاں منا رہے ہیں لیکن انہیں مستقبل میں مسائل کاسامنا کرنا پڑے گا ۔ اننت پور ضلع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس ‘ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس ریاست کی تقسیم کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ریاست کو تقسیم ہونے سے بچانے کیلئے اپنی چیف منسٹر کی کرسی کی قربانی دیدی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کس طرح بی جے پی سے اتحاد کرسکتے ہیں جبکہ یہ پارٹی بھی ریاست کی تقسیم کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان جماعتوں کو سبق سکھائیں۔