نئی حکومت میں قیام کا امکان : نئے کمیشن کی تشکیل تک UPSCکے ذریعہ تقرارت ہونگے
حیدرآباد 25مارچ (سیاست نیوز)تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری ہے کہ حکومت جلد تلنگانہ پبلک سروس کمیشن قائم کرنے پر غور کررہی ہے۔اس کمیشن کے ذریعہ تلنگانہ کے مختلف محکموں میں سرکاری ملازمین کی جائیدادوں پر بھرتیاں کی جائیگی ۔ موجودہ APPSCیعنی آندھراپردیش پبلک سروس کمیشن سیما۔ آندھرا کو منتقل کردیاجائیگا۔اس لئے ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ کیلئے علحدہ پبلک سروس کمیشن قائم کیاجائیگا۔ کمل ناتھ کمیٹی آندھراپردیش کی تقسیم کے دوران ملازمین کی تقسیم کے تمام امور کا جائزہ لے رہی ہے۔اس کے علاوہ یہ کمیٹی تلنگانہ کیلئے نئے پبلک سروس کمیشن کے قیام پرغورکررہی ہے۔آندھراپردیش کی تقسیم کے پیش نظر تلنگانہ کیلئے علاحدہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل پرغور کیا جارہا ہے۔نئے پبلک سروس کمیشن کے قیام تک تلنگانہ کے سرکاری محکموں میں تقرر طلب جائیدادوں پر یو پی ایس سی کی جانب سے بھرتیاں کی جائیگی ۔حکام کاکہناہے کہ ریاست میں منڈل سطح سے ریاستی سطح کی اسامیوں پر بھرتی کیلئے APPSC کی جانب سے امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں۔کمل ناتھ کمیٹی نے تلنگانہ کمیشن کی تشکیل تک یونین پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ تلنگانہ کے خالی اسامیوں پربھرتی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ریاستی چیف سکریٹری پی کے موہنتی ، تلنگانہ میں تقرر طلب جائیدادوں پربھرتی کیلئے اقدامات کرنے کی یونین پبلک سروس کمیشن سے سفارش کرینگے۔ حکام کا کہناہے کہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل کیلئے متعلقہ اسمبلی کی منظوری ضروری ہے۔
ریاستی حکومت ہی پبلک سروس کمیشن کے ارکان کا انتخاب کرسکتی ہے۔اس لئے تلنگانہ میں نئی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی پبلک سروس کمیشن قائم ہونے کی امید ہے۔کرن کمارریڈی حکومت نے مختلف محکموں میں موجود خالی اسامیوں پربھرتی کی سفارش کی تھی۔ تاہم حکام کاکہناہے کہ کرن کمارریڈی نے کابینہ کی منظوری کے بھرتی کی سفارش کی تھی ۔اسلئے اب اس معاملہ کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے رجوع کیاجارہاہے۔گورنر کی ہدایت کے بعد ہی سفارشات کا جائزہ لیاجائیگا ۔APPSCانتظامیہ سابقہ سفارشات کو مسترد کرنے پر غورکررہا ہے۔ حکام کاکہناہے کہ نئی حکومت کی تشکیل بعد ہی خالی اسامیوں پر بھرتیوںکو یقینی بنایا جاسکتاہے۔یاد رہے کہ اے پی پی ایس سی میں گذشتہ سال بدعنوانی کا پتہ چلا تھا اس لئے APPSCکے ارکان نے استعفیٰ دے دیاہے۔اور اینٹی کرپشن بیوروکی جانب سے کمیشن کے دفتر پرچھاپے مارے گئے تھے۔اس لئے APPSCکے نئے ارکان کی تقرری بھی سیما۔آندھرا کے 13، اضلاع پر مشتمل آندھراپردیش میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد ہی ممکن ہے۔