حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کیلئے مرکز سے عازمین حج کا زائد خصوصی کوٹہ حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اقلیتی بہبود کے اسپیشل سکریٹری سید عمر جلیل سے چیف منسٹر کے دفتر نے تفصیلات حاصل کی اور مکتوب کا متن تیار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون دو یوم چیف منسٹر کا مکتوب سشما سوراج کو روانہ کردیا جائے گا اور بعد میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی شخصی طور پر سشما سوراج سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر کا مکتوب حوالے کریں گے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ ریاست کو حج کوٹہ میں کمی کے باعث ہزاروں درخواست گذاروں کو محرومی کا سامنا کرنا پڑا۔ عازمین کی مایوسی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے مرکز سے خصوصی کوٹہ حاصل کرنے کی مساعی شروع کی ہے۔ چیف منسٹر کے مکتوب میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو الاٹ کردہ کوٹہ اور دونوں ریاستوں میں داخل کی گئی درخواستوں کی تفصیلات بھی روانہ کی جارہی ہیں۔ خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کا اختیار وزارت خارجہ کو ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ کے علاوہ مرکزی حکومت تلنگانہ کیلئے زائد کوٹہ الاٹ کرے گی۔