تلنگانہ کیلئے بہتر سال لیکن دہشت گرد حملہ کا اندیشہ

ایک قائد کی زندگی کو خطرہ، پنڈت کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) اُگادی کے موقع پر ایک پنڈت نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ کیلئے یہ سال بہتر رہے گا تاہم دہشت گردی یا انتہا پسندوں کا حملہ ہوسکتا ہے اور ایک قائد کی زندگی کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندرریڈی کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ہندوؤں کی جانب سے اُگادی کو نئے سال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ حکومت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے اپنے سیاسی دفاتر پر پنڈتوں کو طلب کرتے ہوئے ( پنچنگا شرونم ) مستقبل کی پیش قیاسی کا اہتمام کرتے ہیں، یہ ایک قدیم روایت ہے جس پر برسوں سے عمل ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں اس تقریب کا اہتمام کیا جس میں پنڈت سنتوش کمار نے چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں اور ایک حملہ بھی ہوسکتا ہے جس میں ایک قائد کی زندگی کو بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ، اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری کے علاوہ مختلف وزراء اور ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ پنڈت سنتوش کمار نے اس بات کی بھی پیش قیاسی کی ہے کہ جاریہ سال ریاست میں اچھی بارش ہوگی، ریاست میں حکمرانی بہتر رہے گی اور نظم و نسق کارکرد رہے گا۔ تاہم پنڈت نے محکمہ پولیس کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کسان خوشحال رہنے کا دعویٰ کیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے پنڈت کی جانب سے ریاست کی خوشحالی کے تعلق سے کی گئی پیش قیاسی کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر مہیندر ریڈی کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔
چیف منسٹر نے اچھی بارش ہونے اور کسان خوشحال رہنے کی پیش قیاسی ہونے کا خیرمقدم کیا ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی معیشت کافی مستحکم ہے اور سالانہ 20 ہزار کروڑ روپئے کی تلنگانہ کو آمدنی ہوگی۔ ریاست میں 3500 صنعتیں قائم ہوئی ہیں، ریاست کی تیز رفتار ترقی سے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام کو اُگادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔