حیدرآباد 30 اگست ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ کو غیر منقسم آندھرا پردیش کے بیوریج کارپوریشن سے اندرون دو یوم 1250 کروڑ روپئے کے بقایاجات موصول ہونے کی توقع ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ فنڈس کی اجرائی کیلئے وہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے بات چیت کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت ٹیکس فنڈس کی پیشکش بھی کرے گی جس کی ریاست تلنگانہ کی طرف سے علحدہ طور پر یکسوئی کی جاسکتی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ’’ریاست تلنگانہ میں فلاح و بہبود کے کاموں اور پروگراموں پر عمل آوری کیلئے میں اس رقم کی منظوری کیلئے بات چیت کرچکا ہوں ‘‘۔ وزیر فینانس نے جواب دیا کہ آئندہ دو دن میں فنڈز کی اجرائی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔