تلنگانہ کو 2000 روپیوں کے نوٹس کی فراہمی بند

صرف 500 روپیوں پر توجہ ، نوٹس پر افواہیں
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریزرو بینک آف انڈیا نے تلنگانہ کو 2000 روپئے کے نوٹوں کی سربراہی تقریبا بند کردی ہے ۔ اس کی جگہ پر صرف 500 روپئے کی نئی کرنسی ہی سربراہ کررہی ہے ۔ جس سے 2000 روپئے کی نوٹوں کے بارے میں کئی افواہیں سننے کو مل رہی ہیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں وزیراعظم نریندر مودی نے 500 اور 1000 روپئے کی نوٹوں کو منسوخ کردیا تھا ۔ اس کے بعد 2000 کی نئی کرنسی بڑے پیمانے پر شائع کرتے ہوئے ریاست کو روانہ کی گئی تھی ایک ایسا بھی وقت آگیا تھا عوام کے پاس چلر کی قلت پیدا ہوگئی تھی ۔ نوٹ بندی کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا نے تلنگانہ کو 67 ہزار کروڑ روپئے کی نئی کرنسی روانہ کی ہے ۔ جس میں 90 فیصد کرنسی 2000 روپیوں پر مشتمل تھی ۔ اس کے برخلاف آر بی آئی 2000 روپئے کی کرنسی کو روکتے ہوئے 500 روپئے کی کرنسی زیادہ روانہ کررہا ہے ۔ جاریہ سال اپریل کے بعد 2000 روپئے کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال کے پہلے تین ماہ میں آر بی آئی نے تلنگانہ کو 25 ہزار کروڑ روپئے کی کرنسی روانہ کی ہے ۔ جن میں 500 اور 100 روپئے کے 95 فیصد نوٹس ہیں صرف 5 فیصد 2000 روپئے کی کرنسی ہے ۔ سرکاری حلقوں کا دعویٰ ہے کہ بینکوں اور عوام کو روزمرہ کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے زیادہ سے زیادہ چھوٹی کرنسی دستیاب رکھی جارہی ہے ۔ دوسری طرف آر بی آئی نے 200 روپئے کی نئی کرنسی بھی جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے یہ افواہیں گشت کررہی ہے کہ شاید آر بی آئی کی جانب سے 2000 روپیے کی نوٹ بند کردی جائے گی ۔۔