تلنگانہ کو کے سی آر حکومت سے بہت جلد نجات ملے گی

کانگریس کی بھارتی اکثریت سے کامیابی یقینی : کنٹیا
حیدرآباد /14 ستمبر ( سیاست نیوز ) سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا نے کہا کہ بہت جلد ہٹلر کے سی ار کی حکومت سے تلنگانہ عوام کو نجات مل جائے گی ۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ پارٹی صدر راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد تلنگانہ کانگریس قائدین کے حوصلہ بلند ہوئے ہیں ۔ دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آر سی کنٹیا نے کہا کہ 2014 کے انتخابی منشور کے ذریعہ ٹی آر ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں میں ایک وعدے کو بھی پورا کرنے میں ٹی آر ایس کامیاب نہیں ہوئی ہے ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے حکومت کی غلط پالیسیوں کو آشکار کرنے کیلئے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کیا ہے ۔ تاہم کے سی ارنے ہٹلر کی طرز پر خدمات انجام دیتے ہوئے جمہوری اُصولوں کا گلا گھونٹ دیا ۔ پولیس کی طاقت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے حق کی آواز کو دبانے کا کوی بھی موقع ضائع نہیں کیا ۔ سماج کے تمام طبقات کیلئے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کو پورا کرتے ہوئے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ کانگریس عوامی جماعت کا نام ہے جو عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے وجود میں آئی ہے ۔ آر سی کنٹیا نے کہا کہ راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے انفرادی اور مشترکہ طور پر ملاقات کرتے ہوئے ان کے اور پارٹی کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی اور یکسوئی کیلئے تجاویز بھی طلب کیا ہے۔ پارٹی مفادات کی خاطر تمام قائدین کو اپنی نجی مفادات سے بالاتر ہوکر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس خاندان کے نظریاتی اختلافات کو میڈیا سے رجوع نا کرنے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا ۔ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں سے اتحاد کرنے کیلئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین کو مکمل اختیارات دے دئے تاہم قطعی فیصلہ پارٹی ہائی کمان کا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی تلنگانہ کے متحدہ 10 اضلاع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔