ریاست کے اے ٹی ایمس میں کرنسی کی قلت ، ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) ریاست کو کرنسی نوٹوں کی درکار مقدار میں عدم فراہمی کے سبب ریاست کے تمام اضلاع میں اے ٹی ایم میں کرنسی کی قلت پیدا ہورہی ہے اور ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے درکار کرنسی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ای۔راجندر نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اے ٹی ایم میں نقد کی قلت کے متعلق رکن قانون ساز کونسل جناب سید امین الحسن جعفری کی جانب سے کئے گئے استفسار کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ ریاست میں موجود اے ٹی ایم مراکز میں نقد کی قلت کی شکایات درست ہیں۔ وزیر فینانس نے بتایاکہ نقد رقومات بینکو ںکو واپس نہ پہنچنے اور عوام کی جانب سے نقد روک لئے جانے کے سبب بھی اے ٹی ایم میں بینک نقد رقومات جمع نہیں کر پا رہے ہیں۔ مسٹر ای۔راجندر نے بتایا کہ نقد کی قلت اور اے ٹی ایم میں رقومات نہ ہونے کی وجوہات میں اے ٹی ایم مراکز کو نئے نوٹوں کی اجرائی کا متحمل نہ بنایا جانا بھی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ بڑی کرنسی نوٹوں یعنی 2000 اور 500 کی کرنسی نوٹوں کی طلب زیادہ ہے لیکن ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے چھوٹے کرنسی نوٹوں کی سربراہی کی جارہی ہے جو کہ صورتحال کو ابتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔ مسٹر ای۔راجندر نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں گورنر ریزرو بینک آف انڈیا کے علاوہ حکومت ہند کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی جا چکی ہے کہ ریاست کو درکار مقدارمیں کرنسی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ اے ٹی ایم اور بینکوں میں نقد کی عدم موجود گی کے سبب عوام کو ہونے والی مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال اور عوام کو ہونے والی تکالیف کے سلسلہ میں ریزرو بینک اور حکومت ہند کو واقف کروادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حالات پر جلد قابو کرنے کیلئے ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کو بھی مشورہ دیا گیا ہے۔