تلنگانہ کو چھتیس گڑھ سے 1000میگاواٹ برقی کی سربراہی

حیدرآباد۔3۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی کی قلت پر قابو پانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مساعی کو آج اس وقت کامیابی ملی جب چھتیس گڑھ حکومت نے تلنگانہ کو 1000 میگاواٹ برقی سربراہی کے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ جو چھتیس گڑھ کے دورہ پر ہے، آج چیف منسٹر رمن سنگھ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر برقی سربراہی سے متعلق یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ نے تلنگانہ میں برقی بحران پر قابو پانے کیلئے آنے والے دنوں میں مزید 1000 میگاواٹ برقی فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے حکومت چھتیس گڑھ سے اظہار تشکر کیا۔ چندر شیکھر راؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے درمیان باہمی خوشگوار تعلقات کی یاد تازہ کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان کئی برسوں سے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں علاقے ایک طویل تاریخ کے حامل ہیں اور کاکتیہ دور حکومت کی کئی یادگاریں آج بھی چھتیس گڑھ میں موجود ہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے امید ظاہر کی کہ تاریخی اعتبار سے باہمی رشتوں میں مزید استحکام ہوگا اور دونوں حکومتیں عوام کی بھلائی کیلئے بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں گی ۔ کے سی آر نے کہا کہ چھتیس گڑھ پڑوسی ریاست ہے اور اسے درپیش کسی بھی مسئلہ کے سلسلہ میں وہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کیلئے تیار ہے۔ دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے ایک ہزار میگاواٹ کی خریدی سے متعلق یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر رمن سنگھ نے تیقن دیا کہ ضرورت پڑنے پر ان کی ریاست مزید ایک ہزار میگاواٹ برقی سربراہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ رائے پور کی بابی لون انٹرنیشنل ہوٹل میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے مشکل وقت میں تعاون کرنے پر چیف منسٹر اور وزراء سے اظہار تشکر کیا۔ رمن سنگھ کے ساتھ موجود چھتیس گڑھ کے وزراء نے بھی کے سی آر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں چیف منسٹرس نے اپنی ریاستوں میں جاری عوامی فلاحی اسکیمات اور زرعی شعبہ کے تحفظ کیلئے برقی سربراہی پر تبادلہ خیال کیا۔