حیدرآباد 8 اپریل ( آئی این این ) سینئر کانگریس لیڈر کے جانا ریڈی نے آج ادعا کیا کہ صرف کانگریس پارٹی ‘ علاقہ تلنگانہ کو ترقی دے سکتی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دوسری سیاسی جماعتیں عوام کی فلاح و بہبود میں سنجیدہ نہیں ہیں اور وہ کسی نہ کسی طریقے سے صرف اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس بات سے واقف ہیں کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست کے مطالبہ کو قبول کیا ہے اور اب کانگریس پارٹی ہی ہے جو تلنگانہ کو ترقی دے سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کی طرح کانگریس پارٹی جھوٹے وعدے کرنے میں یقین نہیں رکھتی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں 90 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ جانا ریڈی نے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد پر بھی تنقید کی اوراسے موقع پرستی قررا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف عوام کے ووٹ حاصل کرنے ان جماعتوں نے اتحاد کیا ہے ۔