تلنگانہ کو سنٹرل ٹیکس سے 14 ہزار کروڑ مختص

آندھرا پردیش کے مختلف پراجکٹس کے لیے رقمی گنجائش
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مرکزی بجٹ کے تحت مرکزی ٹیکس کے حصہ کے طور پر تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کو 38 ہزار 592 کروڑ 71 لاکھ روپئے حاصل ہوں گے ۔ آندھرا پردیش کے لیے 24 ہزار 637 کروڑ 36 لاکھ روپئے اور تلنگانہ کے لیے 13 ہزار 9 سو 55 کروڑ 35 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ نئی ریاست تلنگانہ کے لیے مرکزی حکومت نے اپنے بجٹ میں گذشتہ سال کے مقابل 1,605 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا ہے ۔ گذشتہ سال 12,350 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ آئندہ مالیاتی سال کے لیے صرف معمولی اضافہ ہوا ۔ یہ گرانٹس ریاست کو راست مرکز سے وصول ہوں گے ۔ اس کے لیے کوئی پیشگی شرائط نہیں رکھی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاست تلنگانہ کو آبپاشی شعبہ میں 1000 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے ۔ جیسا کہ مرکز سے آبپاشی کے لیے اپنے بجٹ میں 17,000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ یہ فنڈس ریاست کو مرکزی پروگرام کے تحت ملیں گے ۔آندھرا پردیش ٹرایبل یونیورسٹی کے لیے ایک کروڑ روپئے آئی آئی ٹی کے لیے 20 کروڑ روپئے اور انڈین نیشنل سنٹر فار اوشین انفارمیشن سرویس کے لیے 15 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں ۔ آندھرا پردیش میں مختلف پراجکٹس کے لیے فنڈس منظور کئے گئے ۔ ان میں پولاورم پراجکٹ کے لیے ایک سو کروڑ روپئے وجئے واڑہ میٹرو کے لیے ایک سو کروڑ روپئے آئی آئی آئی ٹی کے لیے 20 کروڑ روپئے تروپتی ائی آئی ٹی کے لیے 40 کروڑ ، وشاکھا پٹنم آئی آئی ایم کے لیے تیس کروڑ روپئے ، وشاکھا پٹنم اسٹیل پلانٹ کے لیے 1678 کروڑ وشاکھا پٹنم پورٹ ٹرسٹ کے لیے 231 کروڑ 61 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔۔