نئی ریاست میں تلگو دیشم اور کانگریس کو حکمرانی کا اخلاقی حق نہیں، کے سی آر کی انتخابی مہم
حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز)ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راو نے واضح کیا کہ وہ تلنگانہ کو نئی دہلی میں گروی رکھتے ہوئے مرکز کی غلامی کرنے تیار نہیں۔ کے سی آر نے آج پارٹی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کھمم اور ورنگل کے مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عام جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست میں تلگودیشم اور کانگرس کو حکمرانی کا اخلاقی حق حاصل نہیں۔ چونکہ ٹی آر ایس نے اپنی جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ہے ۔ لہذا اس کی تعمیر نو میں ٹی آر ایس کا اہم رول ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو ملک بھر میں ایک مثالی ریاست کے طور پر ترقی دی جائے گی اور تلنگانہ کے عوام خود پر فخر محسوس کریں گے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حیدرآباد میں ان کے غیر محسوب اثاثہ جات ہیں۔ کے سی آر نے اس سلسلہ میں کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو الزامات عائد کرنے کے بجائے تحقیقات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں اراضیات پر نا جائز قبضوں کا حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے انتباہ دیا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے پر نا جائز قابضین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ سرکاری اور اوقافی اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ انہیں دوبارہ حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس تلنگانہ کی عزت نفس کو گروی رکھنے کیلئے ہر گز تیار نہیں برخلاف اس کے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کا تحفظ کیا جائے گا۔ کے سی آر نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ہی کئی مسائل ایسے ہیں جو تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے ۔ تلنگانہ کو مکمل انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ برقی کے بحران کی یکسوئی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو برسوں میں اس مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ شکست کے خوف سے بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ تلگودیشم کو آندھرائی پارٹی قرار دیتے ہوئے چندر شیکھر راو نے کہا کہ ایسی پارٹی کو تلنگانہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ اپنی ریاست میں اپنا جھنڈا اور اپنی پارٹی ہونی چاہئے ۔ ٹی آر ایس تلنگانہ عوام کی پارٹی ہے اور عوام اسے بھاری اکثریت سے منتخب کریں گے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ تلگودیشم کے حق میں ووٹ استعمال کرنے سے تلنگانہ کے ساتھ مزید نا انصافی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیما آندھرائی طاقتیں ٹی آر ایس کو اقتدار میں آنے سے روکنے سازش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعہ تلنگانہ حاصل کیا گیا ہے اور ریاست کی تعمیر نو کیلئے ٹی آر ایس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنہری تلنگانہ کے خواب کی تکمیل کیلئے ٹی آر ایس ایک جامع منصوبہ رکھتی ہے ۔