تلنگانہ کو تشکیل دینے والی کانگریس کو انتخابات کے بعد اقتدار یقینی

تلگو دیشم کے ساتھ اتحاد پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کانگریس قائد کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): کانگریس کے سینئیر قائد سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے تلگو دیشم سے سیاسی اتحاد کے مسئلہ پر نظر ثانی کرنے کا کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کیا اگر عظیم اتحاد تشکیل پارہا ہے تو صرف 10 نشستیں چھوڑنے پر زور دیا ۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات کانگریس پارٹی تنہا مقابلہ کرتے ہوئے بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم کا کوئی ووٹ بینک نہیں ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کو آئندہ انتخابات میں یقینی کامیابی حاصل ہوگی ۔ وہ اپنے موقف سے پارٹی کے قومی صدر راہول گاندھی کو واقف کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عظیم اتحاد تشکیل دیا جارہا ہے تو اس کے لیے صرف 10 نشستیں مختص کی جائے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کیوں کیا گیا اور قبل از وقت انتخابات کیوں کرائے جارہے ہیں ۔ کارگزار چیف منسٹر کے سی آر نے ابھی تک وضاحت نہیں کی ہے ۔ کانگریس کے قائد نے کہا کہ جنوبی تلنگانہ میں ٹی آر ایس ایک اسمبلی حلقہ پر بھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد اچانک تبدیل ہوجانے والے سیاسی ماحول سے کے سی آر پریشان ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی آپسی اختلافات اور گروپ بندیوں کا شکار ہوچکی ہے ۔ 105 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے والی ٹی آر ایس انتخابی مہم شروع کرنے کے بجائے اپنا سارا وقت ناراض قائدین کو سمجھانے بجھانے میں ضائع کررہی ہے ۔ دوسری طرف کانگریس کیڈر کے حوصلوں کو پست کرنے کے لیے کانگریس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں پھنسایا جارہا ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی اس طرح کے سیاسی ہتھکنڈوں سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہے بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور ٹی آر ایس کی ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے اقتدار کے زینے تک پہونچ جائے گی ۔۔