تلنگانہ کو تخم کی پیداوار کا مرکز کا بنانے کے سی آر کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 2؍ نومبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے اپنی ریاست کو مختلف فصلوں کے تخم کی پیداوار کا مرکز بنانے مقصد سے آج اپنے دورہ چھتیس گڑھ کے موقع پر اس ضمن میں زراعت کے بہترین تجربات سے واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ چیف منسٹر کے دفتر کے جاری اعلامیہ کے مطابق چندرا شیکھرراؤ جو چھتیس گڑھ سے برقی کی خریدی کے لئے اس ریاست کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں آج کئی زرعی فارمس اور تخم پر تحقیق کے اداروں کا معائنہ کیا تاکہ تجربات سے استفادہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ہندوستان میں تخم کی پیداوار کا سب سے بڑا مرکز بنایا جاسکتا ہے کیونکہ تلنگانہ میں ہمہ اقسام کی اراضیات ہیں جہاں تخموں کی بہترین پیداوار ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ میں مرحلہ وار اساس پر ڈرپ کے ذریعہ آبپاشی کو فروغ دیا جائیگا ۔ اس مقصد کے لئے بجٹ میں فنڈس مختص کئے جا رہے ہیں ۔