تلنگانہ کونسل انتخابات کی تیاریاں

حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے حلقہ گرائجویٹ و حلقہ ٹیچرس کیلئے جاریہ ماہ 22 مارچ کو منعقد ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں اسپیشل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر نوین متل نے متعلقہ تمام ریٹرننگ آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے انتخابی تیاریوں اور کئے جانے والے انتظامات پر عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ حلقہ گرائجویٹ (اضلاع محبوب نگر، رنگاریڈی و حیدرآباد) قانون ساز کونسل انتخابات کے لئے جملہ 413 مراکز رائے دہی (پولنگ اسٹیشنس) قائم کئے جانے سے متعلق ریٹرننگ عہدیداروں نے مسٹر نوین متل کو واقف کروایا اور بتایا کہ ان مراکز رائے دہی پر تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع محبوب نگر میں 97 ضلع رنگیرڈی میں 165 اور شہر حیدرآباد میں جملہ 151 پولنگ اسٹیشن (مراکز رائے دہی) قائم کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر انتخابی مصارف کی حد سے متعلق ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی واضح ہدایت پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور ریٹرننگ آفیسرس سے خواہش کی گئی کہ وہ انتخابی مصارف کی حد کو پیش نظر رکھتے ہوئے بھی اپنی کڑی نظر رکھیں۔