حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں 26 اپریل تک 23 دن گرمی کی لہر رہی اس طرح یہ اپریل تلنگانہ کا سب سے گرم ترین رہا ۔ تلنگانہ میں اس سے پہلے اپریل 2010 میں 21 دن گرمی کی لہر برقرار تھی ۔ اپریل 2006 میں صرف پانچ دن گرم لہر جاری رہی ۔ اس سال مارچ کے اواخر سے ہی گرمی کی شدت ہے ۔ اضلاع کریم نگر اور نظام آباد میں سب سے زیادہ گرمی ہے ۔ دفتر موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت غالباً مئی کے آخری ہفتہ تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ اس وقت رام گنڈم ، عادل آباد ، کھمم ، ورنگل اور حیدرآباد میں گرمی کی شدید لہر ہے ۔ دفتر موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اضلاع عادل آباد ، حیدرآباد ، کریم نگر ، کھمم ، محبوب نگر ، میدک ، نلگنڈہ ، نظام آباد ، رنگاریڈی اور ورنگل کے کئی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہے گی ۔۔
سکندرآباد ۔ فلک نما ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی منسوخی میں توسیع
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : سکندرآباد تا فلک نما جن چھ ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی جزوی منسوخی عمل میں لائی گئی ۔ اس میں مزید تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے ۔ قبل ازیں ان ٹرینوں کو 15 فروری تا 30 اپریل منسوخ کیا گیا تھا اب اس میں یکم مئی تا 31 جولائی توسیع کی گئی ہے ۔ اس کا مقصد ان ٹرینوں کی خدمات کو جانچنا ہے ۔ جن ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کیا گیا ہے ان میں لنگم پلی ، فلک نما ، فلک نما ، لنگم پلی حیدرآباد فلک نما ۔ فلک نما حیدرآباد ایم ایم ٹی ایس ٹرینیں شامل ہیں ۔۔