تلنگانہ کا پہلا بجٹ مایوس کن: پنالہ لکشمیا

حیدرآباد /6 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے تلنگانہ کے پہلے بجٹ کو مایوس کن قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو حکومت کے پہلے بجٹ سے کافی امیدیں وابستہ تھیں، کیونکہ 60 سال کے احتجاج کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست تشکیل دی تھی، یہ اور بات ہے کہ عام انتخابات میں عوام نے ٹی آر ایس پر اعتماد کا اظہار کیا، تاہم ٹی آر ایس حکومت عوام کی توقعات پورا کرنے میں ناکام رہی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی جانب سے پیش کردہ بجٹ مایوس کن ہے اور جو کام ناممکن ہے، اس کا وعدہ کرکے ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ 4.8 فیصد معاشی خسارہ کے باوجود وہ مرکز سے فنڈ کس طرح حاصل کریں گے؟۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کے لئے بجٹ میں کوئی گنجائش نہیں فراہم کی۔ شاید منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کی مشکلات کا ٹی آر ایس حکومت کو احساس ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے منشور اور حکومت کے بجٹ میں کوئی تال میل نہیں ہے۔ قبل ازیں عید الاضحی اور محرم کی تیاریوں کے لئے حکومت نے 15 کروڑ روپئے کی اجرائی کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک ایک روپیہ بھی نہیں جاری کیا گیا۔