حیدرآباد۔ 23 ستمبر (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ کے اعلیٰ ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے جھارکھنڈ میں آج سے شروع کردہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا۔ آیوشمان بھارت میں تلنگانہ فی الحال شامل نہیں ہے اور وہ بدستور اپنی صحت اسکیم (آروگیہ شری) پر عمل آوری کرتا رہے گا۔ سرکاری ذرائع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وقتیہ طور پر عدم شمولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ تلنگانہ میں پہلے ہی سے آروگیہ شری اسکیم کے تحت 80 لاکھ خاندانوں کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ اس سوال پر کہ آیا مرکز کی فلیگ شپ آیوشمان بھارت ہیلتھ انشورینس اسکیم کو تلنگانہ میں روبہ عمل لایا جائے گا۔ اس عہدیدار نے جواب دیا کہ ’’فی الحال آروگیہ شری اسکیم جاری رہے گی‘‘۔