تلنگانہ کا غریب اور مزدور طبقہ انصاف سے محروم

کسانوں کی خودکشیوں پر اظہار افسوس، ٹی آر سی کے مذاکرہ سے انقلابی گلوکار غدر کا خطاب

حیدرآباد۔2نومبر(سیاست نیوز)انقلابی گلوکار وشاعر غد رنے ریاست میںسامراجیت کے فروغ کو تلنگانہ کے غریب او رمتوسط طبقات کی ترقی میںرکاوٹ قراردیتے ہوئے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں سے تلنگانہ کی عوام تلنگانہ میںسامراجیت سے چھٹکارہ پانے کی جدوجہد کررہی ہے اور اس کے لئے تمام شعبہ حیات میںتلنگانہ کی عوام نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں۔ آج یہاں چندرم حمایت نگر میں تلنگانہ ریسور س سنٹر کے 146ویں مذاکرے ’’تلنگانہ میںشدید برقی بحران ۔ مسائل اور ان کا حل‘‘سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر غدر نے کہاکہ ساٹھ سالہ جدوجہد کے باوجود بھی تلنگانہ کا غریب اور مزدو ر پیشہ طبقہ انصاف سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ساٹھ سالوں تک آندھرائی قائدین اورسرمایہ داروں کی سازشوں نے تلنگانہ کے مزدو ر پیشہ طبقات کا عرصہ حیات تنگ کرنے کاکام کیا ہے اور آج بھی وہ سابق کی طرح زندگی جینے پر مجبو ر ہیں۔ انقلابی گلوکار غدر نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھی ریاست میںکسانوں کی خودکشیوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ سابق میں تلنگانہ کی ایک زرخیز ریاست کی حیثیت سے پہچان تھی مگر آندھرائی قائدین نے منظم سازش کے تحت تلنگانہ کے کسانو ں سے پانی اور برقی چھین لی اور آج بھی تلنگانہ کے کسان موثر پانی اور برقی کی قلت کے سبب زراعت سے محروم ہیں اور قرضوں کے سبب خودکشی بھی کررہے ہیں۔ انقلابی شاعر غدر نے تلنگانہ کے کسانوں سے خودکشیوں سے باز آجانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کسی ایک کسان کی خودکشی سے حالات تبدیل ہونے والے نہیںہیں اور نہ ہی مرنے والے کسان کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے خصوصی رعایت ملنے والی ہے۔ انہوں نے مسائل کے اجتماعی حل کے لئے کسانوں کو زندہ رہ کر جدوجہد کرنے کی اپیل کی اور ہر محاذ پر کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا بھی اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا۔ مذاکرے سے صدارتی خطاب کے دوران چیرمین تلنگانہ ریسورس سنٹر مسٹر ایم ویدا کمار نے کہاکہ تلنگانہ میںبرقی اور پانی کی قلت کی وجہہ آندھرائی قائدین اور سرمایہ داروں کی تلنگانہ پر ساٹھ سالہ غلط حکمرانی ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے قبل ہی تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو برقی او رپانی کے مسائل پیدا ہونے کے خدشات کا اظہار کررہے تھے۔ مسٹر ویدا کمار نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے متعلق آندھرائی قائدین اور سرمایہ داروں کی نیت پہلے سے ہی خراب ہے اور اب جبکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آچکی ہے تو اپنے سیاسی اثر رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی میںرکاوٹیں کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بھی مرکزی حکومت کے رویہ پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کو پڑوسی ریاستوں سے تعاون نہیں مل رہا ہے اور نہ ہی مرکز ی حکومت تلنگانہ کو درپیش پانی اور برقی کی قلت کے سنگین مسئلہ سے نکالنے کے لئے سنجیدہ رویہ اختیا ر کررہاہے۔ انہوں نے برقی کی بچت کے متعلق عوام میںشعور بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ انہوں نے دیہی علاقوں کے بورویل پمپس پرکیپاسٹرس کی تنصیب کو ضروری قراردیا تاکہ برقی خرچ پر کنٹرول کیا جاسکے۔مسٹر ویدا کمار نے حکومت تلنگانہ کے سے منڈل سطح پر معلنہ سولار پائور سسٹم کو جلد از جلد شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیاتاکہ برقی کی پیدواری میں اضافہ ہوتاکہ تلنگانہ کو درپیش برقی قلت سے چھٹکارہ دلایا جاسکے۔ ڈی ای ساوتھرن پائور ڈسٹریبوشن کمپنی آف تلنگانہ اسٹیٹ انجینئر این جانیہ‘انجینئرپی موہن ریڈی‘انجینئر این شیواجی‘ ڈاکٹر جی سوریش نے بھی اس مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں برقی اور پانی کے بحران کا ذمہ دار آندھرائی قائدین کو ٹھرایا اور مرکز ی حکومت سے مطالبہ کیا وہ آندھرائی قائدین کے ہاتھوں کی کٹ پتلی بنے بغیر تلنگانہ میں نئے برقی پراجکٹس کے قیام کی راہیںہموار کرے۔