حیدرآباد 21 مارچ ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پنالہ لکشمیا نے آج پردیش کانگریس کے 17 ترجمانوں کا تقرر عمل میں لایا ۔ جن قائدین کو پردیش کانگریس کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر ملو روی ‘ بی کملاکر راؤ ‘ بی مہیش کمار گوڑ ‘ چٹی اومیش راؤ ‘ پی رمیش ‘ جی نارائن ریڈی ‘ کے مرتینجم ‘ ایس ایس راؤ ‘ بی نرسا گوڑ ‘ جی نرنجن ‘ اے شیام موہن ‘ کے منے ‘ اے دیاکر ‘ ایس چرن کوشک یادو اور کے وجئے کمار شامل ہیں۔ علاوہ ازیں دو خواتین ٹی کلپنا ریڈی اور ڈگیالا سرینواس بھی شامل ہیں۔ تاہم پنالہ لکشمیا نے دیڑھ درجن ترجمانوں میں ایک بھی مسلمان کو شامل نہیں کیا ہے اور ہوسکتا ہے اس پر انہیں تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں حالیہ تقررات اور پھر اب ترجمان کیلئے بھی کسی مسلمان کو موقع نہ دینے پر کانگریس کو تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ سابق وزیر محمد علی شبیر کو حالانکہ تلنگانہ میں میڈیا تشہیری مہم کمیٹی کا نائب صدر نشین نامزد کیا گیا ہے لیکن کسی اور مسلمان کو کوئی اہم عہدہ نہیں دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس صدر پر پہلے ہی مسلمانوں سے امتیاز برتنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے اور ایسے میں ترجمان بنانے سے گریز پر بھی تنقیدیں ہوسکتی ہیں ۔