تلنگانہ کانگریس کے انتخابی منشور کی کل اجرائی

مرکزی وزیر جئے رام رمیش سرگرم ۔ ٹی آر ایس کے خلاف مہم شروع کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد /10 اپریل ( سیاست نیوز ) کانگریس پارٹی ہائی کمان نے ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سبق سکھانے تلگودیشم بی جے پی اتحاد کا جواب دینے کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے اور مرکزی وزیر جئے رام رمیش حیدرآباد پہونچکر پارٹی کے باغی امیدواروں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس سے اتحاد کے تمام راستے بند ہوجانے کے بعد کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے لائحہ عمل کو قطعیت دے چکی ہے ۔ 12 اپریل کو کانگریس پارٹی اپنا انتخابی منشور جاری کرے گی ۔ کانگریس پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے وعدے سے کے چندر شیکھر راؤ کے انکار اور اتحاد بھی نہ کرنے پر کانگریس پارٹی نے ٹی آرایس کے خلاف سخت مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں تک اسمبلی حلقہ گجویل سے سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو نقصان پہونچانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے اسمبلی حلقہ گجویل کے پارٹی امیدوار نرساریڈی کو طلب کرکے حلقہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ گذشتہ 5 سال کے دوران اس حلقہ کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات تلنگانہ تحریک میں ان کی حصہ داری اور سربراہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے جئے رام رمیش کو بتایاکہ ضمنی انتخابات کے موقع تلنگانہ جذبہ کو ظاہر کرنے کیلئے عوام نے متحد ہوکر ٹی آر ایس کا مکمل ساتھ دیا تھا اب صورتحال تبدیل ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے سیما آندھرا میں قربانی دیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ لہذا کانگریس پارٹی پر عوام اپنے اعتماد کا اظہار ک ریں گے ۔ مسٹر جئے رام رمیش نے ٹکٹ سے محروم ہونے والے قائدین اور بحیثیت باغی امیدوار پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے قائدین سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں دستبردار ہوجانے کی اپیل کی ہے ۔