تلنگانہ کانگریس کی نئی عاملہ کی تشکیل پر رہنمایانہ خطوط کی اجرائی

دہلی میں راہول گاندھی سے تلنگانہ کانگریس قائدین کی ملاقات
حیدرآباد /24 اپریل (سیاست نیوز) نائب صدر آل انڈیا کانگریس راہول گاندھی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کی نئی عاملہ تشکیل دینے کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے اندرون 60 سال عمر والے قائدین کو اہمیت دینے کے علاوہ خواتین اور پسماندہ طبقات کو کم از کم 50 فیصد نمائندگی دینے کے لئے فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک نے دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورت حال سے واقف کرایا اور نئی عاملہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مسٹر گاندھی نے زیادہ تر نوجوانوں کی خدمات سے استفادہ کی ہدایت دی ہے، تاہم سینئر قائدین کے تجربات کو نظر انداز نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے سینئر قائدین سے صلاح و مشورہ کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اتم کمار ریڈی اور ملو بٹی وکرامارک، ہدایت کے مطابق تمام زاویوں کو سامنے رکھ کر حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ کمیٹی میں دو مسلم قائدین محمد علی شبیر اور محمد فرید الدین کو نائب صدر اور جنرل سکریٹری کے عہدہ پر مامور کیا گیا تھا، جب کہ فرید الدین ٹی آر ایس میں شامل ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات کو یکساں نمائندگی دیتے ہوئے متوازن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، اس سلسلے میں پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت جاری ہے۔