تلنگانہ کانگریس قائدین کی دہلی طلبی

انتخابی حکمت عملی تیار کرنے ہائی کمان سرگرم
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کے چند اہم قائدین کو دہلی طلب کیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر 14 ستمبر کی صبح دہلی کو روانہ ہوں گے۔ انتخابی منشور کمیٹی، تشہیری کمیٹی کے علاوہ دوسری کمیٹیوں کی قوی امکان ہے۔کانگریس ہائی کمان نے تحلیل کردہ اسمبلی میں کانگریس کی نمائندگی کرنے والے تمام کانگریس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا کے علاوہ سابق ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی کے سینئر قائدین اس طرح 25 تا 40 قائدین کو دہلی طلب کیا ہے اور امکان ہے کہ صبح 10:30 بجے صدر کانگریس راہول گاندھی تلنگانہ کے کانگریس قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیں گے۔ کانگریس کی تلگو دیشم، سی پی آئی، تلنگانہ جنا سمیتی کے علاوہ مزید دیگر جماعتوں کے ساتھ تشکیل دیئے جانے والے عظیم اتحاد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اتحاد جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم، مشترکہ اقل ترین پروگرام کی تیاری پر بھی بات چیت ہوگی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی نے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی پہلی فہرست تیار کرلی ہے۔ تاہم عظیم اتحاد تشکیل دینے کے پیش نظر دوسری جماعتوں سے بات چیت کرنے کے بعد ہی امیدواروں کا اعلان کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان ملک کے دیگر 4 ریاستوں کے انتخابی کے ساتھ تلنگانہ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس لئے تلنگانہ کے اہم قائدین کو دہلی طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں ڈی سرینواس کے علاوہ دوسری جماعتوں سے کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ ڈی سرینواس اور اُتم کمار ریڈی کی ملاقات ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ڈی سرینواس کو کانگریس میں شامل ہونے پر اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی ہے اور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی موجودگی میں ان کی شمولیت کا تیقن دیا۔