تلنگانہ کانگریس قائدین کا رویہ مضحکہ خیز

حیدرآباد /19 جون ( سیاست نیوز ) حکومت پر ٹوٹ پڑھنے کے بجائے اصل اپوزیشن تلنگانہ میں کانگریس قائدین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہنسی مذاق کا موضوع بنے ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس قائدین کو ’’ سنیاسی ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے سنیاس ( قائدین ) ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کے دو ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی ۔ میں ( کے سی آر ) نے کانگریس قائد سنیاسوکو فون کرکے ایسی غلطی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا تھا ۔ چیف منسٹر کے سنیاس ریمارک کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پرسیڈنٹ ملوہٹی وکرامارک نے اسی انداز میں جواب دیا ۔ قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی نے آج ایک خصوصی پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے والے ملویٹی وکرامارک کو جوکہ اسمبلی میں ڈپٹی فلور لیڈر بھی ہیں ۔ انہیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے دوسروں کو مشورہ دیتے وقت اپنے آپ کو کنٹرول میں رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ کارگذار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملوہٹی وکرامارک نے جاناریڈی کے مشورہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاناریڈی کے مشورے کو سنا اور دیکھا نہیں ہے ۔ اس پر وہ بعد میں اپنے ردعمل کا اظہار کریں گے تاہم چیف منسٹر نے ایم ایل سی انتخابات میں کسی کانگریس قائد سے بات چیت نہیں کی ہے اگر کوئی سنیاسی کسی اور سنیاسی سے بات کی ہو تو وہ اس سے لاعلم ہے ۔