تلنگانہ کانگریس قائدین کا ایرپورٹ پر پرتپاک خیرمقدم

گن پارک تک جلوس، تلنگانہ شہداء کو خراج،کانگریس ہائی کمان سے اظہار تشکر

حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے تلنگانہ قائدین کی دہلی سے شہر واپسی پر ان کا شمس آباد ایرپورٹ پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ ہزاروں کانگریس کارکنوں نے تلنگانہ ارکان پارلیمان، وزراء و دیگر قائدین کا شمس آباد ایرپورٹ پر پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں جلوس کی شکل میں گن پارک تک پہونچایا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے تشکیل تلنگانہ کے سلسلے میں دہلی میں جاری سرگرمیوں میں حصہ لینے والے کانگریسی قائدین کی شہر واپسی پر ان کے زبردست استقبال کے سلسلے میں تیاریاں کی گئیں اور منظم جلوس نکالتے ہوئے شہر پہونچنے والے قائدین کو عظیم الشان جلوس کی شکل میں گن پارک لے جایا گیا جہاں پر کانگریسی وزراء ، ارکان پارلیمان، اسمبلی و کونسل نے شہدائے تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ حیدرآباد واپس ہونے والے ارکان پارلیمان میں مسٹر مدھو گوڑ یشکی، مسٹر کے راجگوپال ریڈی ، مسٹر ایس راجیہ، مسٹر آنند بھاسکر، مسٹر وی ہنمنت راؤ، مسٹر سروے ستیہ نارائنا، مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ دیگر قائدین بشمول مسز گیتا ریڈی، مسز ڈی کے ارونا، مسز سنیتا لکشما ریڈی، مسٹر کے جانا ریڈی، مسٹر ڈی سریدھر بابو کے علاوہ دیگر قائدین شامل ہیں۔ حیدرآباد پہونچنے والے تلنگانہ کانگریسی قائدین نے ایرپورٹ سے سیدھے یادگار شہیدان تلنگانہ پہونچ کر شہدائے تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس کے دوران جناب محمد علی شبیر، جناب محمد فاروق حسین، مسٹر ڈی ناگیندر، مسٹر خلیق الرحمن و دیگر قائدین موجود تھے۔ ان کانگریسی قائدین کا جلوس گذرنے کے راستوں پر تلنگانہ حامی تنظیموں کی جانب سے زبردست خیرمقدم کیا گیا۔

شہدائے تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد تلنگانہ کانگریس قائدین کا یہ قافلہ پارٹی کے ریاستی دفتر گاندھی بھون پہونچا جہاں دہلی سے واپس ہونے والے قائدین کے خیرمقدم کے سلسلے میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ اس جلسہ سے مختلف قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے تشکیل تلنگانہ پر پارٹی اعلیٰ کمان سے اظہار تشکر کیا۔ قبل ازیں دہلی سے واپس ہونے والے ارکان پارلیمان مسٹر سروے ستیہ نارائنا، مسٹر مدھو گوڑ یشکی، مسٹر پونم پربھاکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس تلنگانہ قائدین تلنگانہ کے تمام اضلاع میں جشن تلنگانہ و جلسہ اظہار تشکر منعقد کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مسٹر مدھو گوڑ یشکی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ تلگو دیشم پارٹی کا تلنگانہ میں وجود بھی باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ عوام نے سونیا گاندھی کے تاریخی فیصلہ کو قبول کرتے ہوئے خوشیاں منائی ہیں اور عوام میں ایک مرتبہ پھر سونیا گاندھی کی جانب سے کئے جانے والے اعلانات پر عمل آوری کے یقین میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد مرتبہ تلگو دیشم و دیگر سیاسی جماعتوں نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششیں کی ہیں لیکن کانگریس نے اپنے وعدہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کے ذریعہ تشکیل تلنگانہ کو یقینی بنایا ہے۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اپنا وعدہ پورا کرنے کے لئے اپنے اقتدار کے رہنے یا نہ رہنے کی پرواہ نہیں کی بلکہ تلنگانہ کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی عزت نفس کی برقراری کیلئے تشکیل تلنگانہ کو یقینی بنایا۔ مسٹر پونم پربھاکر نے اس موقع پر کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی تشکیل میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ تلنگانہ کانگریس قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تلنگانہ عوام کے درمیان پہونچ کر انہیں حقائق سے واقف کروائیں گے اور ہر ضلع میں جشن تلنگانہ کے انعقاد کے ذریعہ کانگریس کے کارنامہ کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرن کمار ریڈی نے جس طرح سے کوششیں کی ہیں، وہ انتہائی بدبختانہ رہیں۔ اس کے باوجود بھی کانگریس ہائی کمان نے صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے تشکیل تلنگانہ کے تمام مراحل کو طئے کیا ہے۔ اس جلسہ میں موجود قائدین نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، اسپیکر لوک سبھا مسز میرا کمار، نائب صدرنشین راجیہ سبھا مسٹر پی جے کورین ، مسز گاندھی ، مسٹر راہول گاندھی، ڈگ وجئے سنگھ، سشیل کمار شنڈے، جناب غلام نبی آزاد کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہائی کمان کے اس فیصلہ کو تلنگانہ عوام صدیوں تک یاد رکھیں گے۔ ان قائدین نے کہا کہ کانگریس کا یہ فیصلہ تشکیل تلنگانہ کی تاریخ میں سنہرے الفاظ سے تحریر کیا جائے گا اور مسز سونیا گاندھی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات تلنگانہ عوام کیلئے ناقابل فراموش رہیں گے۔