تشکیل تلنگانہ پر پارٹی کو اقتدار پر لانے کا وعدہ بے وفا ، رینوکا چودھری
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی رکن راجیہ سبھا مسز رینوکا چودھری نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین پر کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والی مسز رینوکا چودھری نے کہا کہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کو مکمل اکثریت سے کامیابی حاصل ہونے کا یقین دلایا تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے بعد پارٹی کی کامیابی کے لیے کوئی بھی قائدین کام نہیں کیا تمام قائدین چیف منسٹر کی دوڑ دھوپ میں شامل تھے ۔ کوئی بھی قائدین پارٹی کی انتخابی مہم امیدواروں کی کامیابی میں دلچسپی لی اور نہ ہی انتخابات کے دوران پارٹی قائدین کے درمیان تال میل تھا ۔ پارٹی کیڈر کو ساتھ لے کر کام کرنے اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کانگریس قائدین ناکام ثابت ہوئے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس پارٹی نے تشکیل دیا ہے ۔ اس کے لیے کانگریس قیادت کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ یہاں تک کہ سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کا صفایا ہوگیا ہے ۔ انجام کا علم ہونے کے باوجود سونیا گاندھی نے عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ۔ تاہم تلنگانہ کے کانگریس قائدین اس پیغام کو عوام تک پہونچانے میں ناکام ہوگئے ۔ بڑے بڑے قائدین جو خود چیف منسٹر کے دوڑ میں شامل تھے اپنے ہی حلقوں تک محدود ہوگئے ۔ دوسرے حلقوں میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کی ہمت بھی نہیں کی ۔ پارٹی کی شکست کے لیے کئی وجوہات ہیں جس میں قیادت کا فقدان تال میل کی کمی ، قائدین میں اتحاد کا فقدان ، علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے پیغام کو عام کرنے میں ناکامی ، کیڈر کو بھی ساتھ نہیں لیا گیا ۔ ان تمام کی غیر اطمینان بخش کارکردگی کی وجہ سے علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کو نقصان ہوا ہے ۔ سیاسی اتحاد میں بھی کافی تاخیر کی گئی ۔۔