تلنگانہ کانگریس سے بوتھ سطح پر سوشیل میڈیا کوآرڈی نیٹرس کے تقررات کی تجویز

گاندھی بھون میں کانگریس کا اجلاس، صدر پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی بوتھ سطح پر ’’سوشل میڈیا کوآرڈی نیٹرس‘‘ کا تقرر کرے گی۔ آج یہاں گاندھی بھون میں منعقدہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این اتم کمار ریڈی نے مذکورہ انکشاف کیا اور تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیاکہ قرضہ جات معاف کرنے کے معاملہ میں کسانوں کے ساتھ حکومت نے دھوکہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ قرضہ جات معاف کرنے کے مسئلہ کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے گزشتہ دنوں منعقدہ اجلاس میں موضوع بحث بنانے کے بعد حکومت نے اگریکلچرل آفیسرس کو مکتوبات تحریر کئے۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ حکومت صرف زبانی اعلانات کرنے کی عادی ہوچکی ہے لیکن عملی اقدامات کچھ بھی نہیں ہیں۔ اسی طرح چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت نے کسانوں کے زرعی قرضہ جات معاف کرنے کا متعدد مرتبہ اعلان کرچکی ہے لیکن اب تک بھی کسانوں کے قرضہ جات معاف نہیں کئے گئے بلکہ کسانوں کو حکومت نے بڑے پیمانے پر دھوکہ دیا۔ مسٹر اتم کمار ریڈی نے کہاکہ 9 ڈسمبر کو صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسز سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور کی ہے۔ اس اجلاس میں کانگریس پارٹی کے تمام سینئر قائدین بشمول شریمتی پی سبیتا اندرا ریڈی، شریمتی پدماوتی ریڈی، ملو روی، پرساد کمار، ومشی چندر ریڈی، نرسمہا ریڈی، ایم کودنڈا ریڈی کے علاوہ ضلع کانگریس پارٹی صدور وغیرہ بھی شریک تھے۔