تلنگانہ کانگریس انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس، مختلف امور کا جائزہ

8 سب کمیٹیوں کی تشکیل، اتم کمار و دیگر کی شرکت، دامودھر راج نرسمہا کا خطاب

حیدرآباد ۔22 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس انتخابی منشور کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا۔ مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے 8 سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ 10 دن تک عوام سے تجاویز وصول کرنے اور اس کا 5 دن تک جائزہ لینے کے بعد یعنی 15 دن بعد پارٹی منشور جاری کردینے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدرنشین انتخابی منشور کمیٹی دامودھر راج نرسمہا کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں سکریٹری انچارج اے آئی سی سی تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کے علاوہ منشور کمیٹی میں شامل ارکان بھی اجلاس میں شریک تھے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ اجلاس میں سماج کے تمام طبقات کے مسائل کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ منشور میں مسائل کو شامل کرنے اور مختلف عوام سے تجاویز وصول کرنے کیلئے 8 سب کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عابد رسول خان کی قیادت میں تشکیل دی گئی سب کمیٹی کو اقلیتی بہبود کی ذمہ داری دی گئی۔ صدرنشین کسان کھیت مزدور کانگریس کودنڈا ریڈی کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی کو زراعت، کسان کے بہبود اور آبپاشی پراجکٹس پر تجاویز پیش کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔ سابق رکن اسمبلی کے لکشماریڈی کو صنعتی پالیسی جی ایچ ایم سی اربن و رورل انفراسٹرکچر، برقی کی ذمہ داری دی گئی۔ سابق وائس چانسلر پروفیسر اے آر ریڈی کو تعلیم، طلبہ کی فلاح و بہبود، بیروزگاری اور یونیورسٹیز کی ذمہ داری سونپی گئی۔ پی سی سی، این آر آئی سیل کے صدرنشین ڈاکٹر بی ایم ونود کمار کو ریاست کے معاشی مسائل، این آر آئیز کے مسائل وغیرہ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ سابق رکن قانون ساز کونسل پریم ساگر کو سنگارینی، معدنیات، آر ٹی سی، مزدور کے مسائل کی ذمہ داری دی گئی۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ٹی ناگیا تمام سب کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں گے۔ صدرنشین منشور کمیٹی دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ تمام سب کمیٹیاں اور وہ اور منشور کمیٹی کے ارکان پیر سے 10 دن تک گاندھی بھون میں دستیاب رہیں گے۔ سماج کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرنے والے افراد اور دوسرے شعبوں سے تعلقات رکھنے والی شخصیتیں ان سے ملاقات کرتے ہوئے منشور میں شامل کرنے کیلئے اپنے مسائل پیش کرسکتے ہیں جس کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی کا منشورہ جاری کردیا جائے گا۔