حیدرآباد /6 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لئے دعویداروں کے بائیو ڈاٹا گاندھی بھون پہنچ چکے ہیں۔ اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹری تلنگانہ کانگریس امور مسٹر کنٹیا اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے ناموں کا جائزہ لیا۔ صدر اے آئی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید کی جانب سے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کو فوری اثر کے ساتھ تحلیل کرنے کے بعد نئے صدر کے انتخاب کے لئے مشاورت کا آغاز ہو گیا ہے۔ ترجمان پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین، سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، ایم اے غنی، محمد ایوب خان، محمد ساجد پاشاہ، کانگریس قائدین شیخ عبد اللہ سہیل، محمد مقصود احمد اور فخر الدین کے بشمول دیگر قائدین کے بائیو ڈاٹا گاندھی بھون پہنچ چکے ہیں۔ کانگریس کی رکنیت سازی مہم کا جائزہ لینے کے لئے حیدرآباد پہنچنے والے کنٹیا
اور پنالہ لکشمیا نے تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لئے دعویداروں کا جائزہ لیا۔ باوثوق ذرائع کے بموجب پنالہ لکشمیا نے صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور خورشید احمد سعید نے نئے صدر کے انتخاب کے لئے تین ناموں کا پینل روانہ کرنے کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اپوزیشن میں ہے، لہذا ایسے تین ناموں کا انتخاب کیا جائے گا، جنھوں نے پارٹی کے استحکام کے لئے کام کیا ہے اور عوام سے ان کے روابط ہیں۔ علاوہ ازیں پارٹی کے پروگرامس کو کامیاب بنانے اور پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لینے والوں کو اہمیت دی جائے گی۔ ذرائع کے بموجب عہدہ کے حصول کے لئے اقلیتی قائدین کی دوڑ دھوپ جاری ہے، جب کہ کئی سینئر قائدین کے ناموں کی سفارش کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں۔ گاندھی بھون کے ذرائع نے بتایا کہ تین قائدین کے انتخاب کے لئے مشاورت جاری ہے، ناموں کو قطعیت دینے کے بعد فہرست دہلی روانہ کی جائے گی۔