حیدرآباد۔8جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 10جون کو شام میں منعقدہوگا ۔ سکریٹریٹ کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں مختلف محکمہ جات میں پائے جانے والے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ‘ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کرنے کا بھی قوی امکان ہے ۔ علاوہ ازیں بے روزگار تعلیم یافتہ افراد کو حصول ملازمت کیلئے مقررہ عمر کی حد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ غریب عوام کو ڈبل بیڈروم امکنہ جات کی تعمیر کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کو مرتب کرنے کیلئے کابینہ میں تفصیلی غور وخوص کیا جائے گا اور ریاست تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی کو قطعیت دینے کے علاوہ کسانوں کو فصل قرض کے دوسرے مرحلہ پر بھی غور کئے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔