حیدرآباد۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 30 جنوری کو منعقد ہوگا جس میں اسمبلی کے مجوزہ بجٹ سیشن کی تاریخوں کے تعین کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے علاوہ کئی اہم مسائل پر مباحث کا امکان ہے۔ خاص طور پر ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ سے ڈاکٹر راجیا کی برطرفی کے مسئلہ پر چیف منسٹر وزراء کو حقائق سے واقف کرائیں گے۔ توقع ہے کہ فروری کے تیسرے ہفتہ سے تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز ہوگا۔ اگرچہ حکومت نے تواریخ کو قطعیت دیدی ہے تاہم اس کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں لی جائے گی۔ حکومت کے بعض اہم اسکیمات جیسے واٹر گرڈ پر تفصیلی مباحث کا امکان ہے۔
اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے خصوصی کارپوریشن کے قیام کا منصوبہ ہے جس کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں لی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کابینہ کے اس اجلاس میں سیاسی مسائل چھائے رہیں گے۔