= تلنگانہ کابینہ میں توسیع کے ذریعہ شامل کئے گئے چھ نئے وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم عمل میں آئی، جن میں مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کو محکمہ عمارات شوارع (آر اینڈ بی) ، بہبودی خواتین و اطفال= مسٹر ٹی سرینواس یادو کو کمرشیل ٹیکسیس و سینماٹوگرافی = مسٹر جے کرشنا راؤ کو انڈسٹریز ، ہینڈلوم اینڈ ٹکسٹائلس اور شوگر = سی لکشما ریڈی کو توانائی= مسٹر اجمیرا چندرولعل کو بہبودی قبائل، ٹورازم اور تہذیبی امور= اندرا کرن ریڈی کو ہاؤزنگ قانون و انصاف اور انڈومنٹ کے قلمدان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں موجودہ وزیر جنگلات مسٹر جوگو رامنا کو بہبود پسماندہ طبقات اور وزیر نشہ بندی و آبکاری، مسٹر پدما راؤ کو اسپورٹس و یوتھ سرویس کی زائد ذمہ داری دی گئی ۔
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی کابینہ میں پہلی مرتبہ چھ نئے وزراء کو شامل کرنے کے ذریعہ کابینہ کی توسیع عمل میں آئی ۔ آج یہاں راج بھون کے سبزہ زار پر منعقدہ سادہ لیکن پراثر تقریب حلف برداری کے موقع پر گورنر ریاست تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے چھ نئے وزراء مسرس ٹی ناگیشور راؤ (ضلع کھمم) ، اجمیرا چندو لعل (ضلع ورنگل) ، اندرا کرن ریڈی (ضلع عادل آباد) ، سی لکشما ریڈی (ضلع محبوب نگر ) جوپلی کرشنا راؤ (ضلع محبوب نگر) اور ٹی سرے نواس یادو (حیدرآباد) کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا ۔ نئے وزراء کی حلف برداری تقریب کا ٹھیک 10.58 منٹ پر گورنر کی اجازت حاصل کرتے ہوئے چیف سکریٹری ، ڈاکٹر راجیو شرما نے آغاز کیا اور سب سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا اور پھر کابینہ میں شامل کئے جانے والے مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کو حلف برداری کیلئے مدعو کیا اور پھر مسٹر اندرا کرن ریڈی ، ٹی سرینواس یادو ، سی لکشما ریڈی ، اجمیرا چندو لعل اور مسٹر جوپلی کرشنا راؤ کو بحیثیت کابینی وزیر کا حلف دلایا ۔ راج بھون میں منعقدہ کابینہ میں توسیع کی لیکن پر اثر تقریب میں چیف من سٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، ڈاکٹر راجیا ، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی ، ٹی ہریش راؤ ، جگدیش ریڈی ، پوچارم سرینواس ریڈی ، ای راجندر ، جوگو رامنا کے علاوہ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری ، صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ ، ارکان پارلیمان ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل بشمول محمد سلیم ، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی مسٹر این پدما دیویندر ریڈی ، نائب صدر نشین قانون ساز کونسل ودیا ساگر ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انوراگ شرما ۔ کمشنر پولیس مہیندر ریڈی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے بعض قائدین وغیرہ بھی شریک تھے۔