تلنگانہ کابینہ میں منگل کو توسیع ‘ 6 نئے وزرا کی شمولیت کا امکان

حیدرآباد 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) کے چندر شیکھر راو کی زیر قیادت تلنگانہ وزارت میں چھ ماہ بعد پہلی مرتبہ توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 16 ڈسمبر کو ریاست کابینی میں توسیع کی جائے گی اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف منسٹر نے وزارت میں توسیع کے منصوبہ سے واقف کرایا ۔ 16 ڈسمبر کو 11 بجے دن راج بھون میں تقریب منعقد ہوگی۔ جس میں نئے وزراء حلف لیں گے ۔ واضح رہے کہ 2 جون کو کے سی آر کے زیر قیادت 11 رکنی وزارت نے حلف لیا تھا۔ تلنگانہ کابینہ میں کھمم اور محبوب نگر اضلاع کو کوئی نمائندگی نہیں دی گئی اور توقع کی جارہی ہے کہ توسیع میں ان اضلاع کو نمائندگی کے ساتھ ساتھ بعض نئے وزراء کو شامل کیا جائے گا۔ وزارت میں خواتین کو نمائندگی دیئے جانے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ درج فہرست قبائیل اور اقلیت سے بھی نمائندگی میں اضافہ زیر غور ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کئی اہم وزارتیں چیف منسٹر کے پاس ہیں اور چیف منسٹر ان وزارتوں کو نئے وزراء میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں جن میں برقی ،بہبودی خواتین و اطفال سیول سپلائیز انڈسٹریز قابل ذکر ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں جملہ چھ وزراء کو شامل کیا جائے گا جن میں دو خواتین شامل ہوں گی۔ نئے وزراء کیلئے چیمبرس کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں چیف سکریٹری راجو شرما نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ کے بی اور ڈی بلاکس کی عمارتوں کا جائزہ لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ توسیع میں جوپلی کرشنا راو ،کے ایشور اور تملا ناگیشور راو کو شامل کئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ جوپلی کرشنا راو کا تعلق محبوب نگر سے ہے اور اس ضلع کو کابینہ میں ابھی تک نمائندگی حاصل نہیں ہے۔ کھمم سے تعلق رکھنے والے تملا ناگیشور راو سابق میں تلگودیشم سے تعلق رکھتے تھے اور ان کا شمار ضلع کے با اثر قائدین میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہیں کونسل کی رکنیت دیتے ہوئے کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ خواتین کے زمرے میں کونڈہ سریکھا اور کے لکشمی کے نام زیر غور ہیں۔ شہر سے تعلق رکھنے والے ٹی سرینواس یادو کے نام کی بھی قیاس آرائی کی جارہی ہے جنہوں نے حال ہی میں تلگودیشم سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ان کے ساتھ تیگلا کرشنا ریڈی بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوئے تھے ۔ عادل آباد سے تعلق رکھنے والے اندرا کرن ریڈی کی شمولیت پر بھی کے سی آر غور کررہے ہیں جو بی ایس پی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اپنے بااعتماد رفقاء سے مشاورت کے ذریعہ امکانی وزراء کے ناموں کو قطعیت دیں گے ۔ توقع ہے کہ ناموں کو قطعیت 14 ڈسمبر تک مکمل ہوجائیگی۔ ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے ہے۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان مزید نمائندگی کیلئے چیف منسٹر پر دباؤ بنارہے ہیں۔