راج بھون میں تقریب مقرر ، وزارت میں شمولیت کے لیے قائدین کی کے سی آر سے ملاقاتیں
حیدرآباد ۔28 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی لیجسلیچر پارٹی کے قائد کے چندر شیکھر راؤ 2 جون کو صبح 8.15 بجے راج بھون میں تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ رکن اسمبلی ہریش راؤ کے مطابق راج بھون کو تقریب حلف برداری کی اطلاع دیدی گئی ہے اور حلف برداری کے بعد دوپہر میں چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھال لیں گے ۔ انہوں نے کابینہ میں شامل کئے جانے والے وزراء کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں کے سی آر اپنی وزارت کو قطعیت دیدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل صرف کے سی آر سے ممکن ہے ۔
کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے کئی توقعات کے ساتھ ٹی آر ایس کو اقتدار عطا کیا ہے لہذا ٹی ار ایس پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ عوامی توقعات پر کھرا اترنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں شامل تمام وعدوں کی تکمیل کی جائے گی ۔ اسی دوران پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کل رات نئی دہلی سے واپسی کے بعد اور آج چندر شیکھر راؤ نے سینئر قائدین کے ساتھ کابینہ کی تشکیل کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت میں شمولیت کے خواہشمند ارکان اسمبلی و کونسل کی کے سی آر سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔