تلنگانہ پولیس پر ڈگ وجئے سنگھ کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ

آلیر انکاونٹر کے بعد پولیس پر شک کا دائرہ وسیع ، محمد خواجہ فخر الدین
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین نے ڈگ وجئے سنگھ کے تلنگانہ پولیس پر لگائے الزام کی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کے بجائے ڈگ وجئے سنگھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے پتلے نذر آتش کرنے کی سخت مذمت کی ہے ۔ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ ایک سینئیر قائد ہیں اور وہ ماضی میں ایک دہے تک چیف منسٹر کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور فرقہ پرستوں کے خلاف آہنی دیوار بنے ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ پولیس کے خلاف انہوں نے جو بھی الزام عائد کیا ہے ۔ یقینا ان کے پاس کوئی اطلاعات ہوں گی جس کی بنیاد پر ہی انہوں نے تلنگانہ پولیس پر انگلیاں اٹھائی ہوں گی ۔ ٹی آر ایس کے پاس اقتدار ہے ۔ صرف ڈگ وجئے سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنانے یا ان کے پتلے نذر آتش کرنے سے پولیس پر جو انگلیاں اٹھی ہیں وہ دور نہیں ہوتی ۔ چیف منسٹر کے سی آر ان الزامات کی تحقیقات کرائیں ۔ محمد خواجہ فخر الدین نے کہا کہ تلنگانہ کی پولیس الیر انکاونٹر کے بعد سے شک کے دائرے میں ہے ۔ زیر حراست قیدیوں کو جو ہتھکڑیوں میں جکڑے ہوئے تھے ۔ پولیس نے گاڑی میں فائرنگ کرتے ہوئے اس کو انکاونٹر قرار دیا ہے ۔ کانگریس بوکھلاہٹ میں نہیں ہے ۔ بلکہ ٹی آر ایس حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ اسمبلی اور کونسل میں 12 فیصد تحفظات کا بل منظور کر کے مرکز کو روانہ کردینا کوئی کارنامہ نہیں ہے ۔ کانگریس نے 4 فیصد مسلم تحفظات دیا ہے اور اس پر 10 سال سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ اس کو کارنامہ قرار دیا جاتا ہے ۔ انتخابی منشور سے ٹی آر ایس نے جو وعدے کئے ہیں ان میں ایک وعدے کو بھی ٹی آر ایس نے پورا نہیں کیا ہے ۔ صرف کمیشن کی لالچ میں آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائن تبدیل کیے جارہے ہیں ۔ کانگریس کے دور حکومت میں شروع کردہ پراجکٹس کو ٹی آر ایس کا لیبل لگاتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ تمام شعبوں میں کارکردگی مایوس کن ہے ۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔ ورنگل کے فلاپ شو سے ہی ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ جب بھی ریاست میں انتخابات ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور ٹی آر ایس حکومت کے تمام بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائے گی ۔۔